دیو بھومی یقینی طور پر سرمایہ کاری کے بہت سے دروازے کھولنے جارہی ہے: مودی

0
0

دہرادون، //وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اتراکھنڈ کے دہرادون میں منعقدہ گلوبل انویسٹرس سمٹ کا افتتاح کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صلاحیتوں سے بھرپور یہ دیو بھومی (اتراکھنڈ) یقینی طور پر سرمایہ کاری کے لیے بہت سے دروازے کھولنے جارہی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا، ”دیو بھومی اتراکھنڈ آنے کے بعد دل باغ باغ ہو جاتا ہے۔ چند سال پہلے جب میں بابا کیدار کے درشن کے لئے نکلا تھا تو اچانک میرے منہ سے نکلا کہ 21ویں صدی کی یہ تیسری دہائی اتراکھنڈ کی دہائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے اس بیان کو مسلسل نافذ ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ آپ سب کو بھی اس فخر سے جڑنے کے لئے، اتراکھنڈ کی ترقی کے سفر میں شامل ہونے کا ایک بڑا موقع مل رہا ہے۔ گزشتہ دنوں، اترکاشی میں ٹنل میں ہمارے مزدور بھائیوں کو بحفاظت نکالنے کا جو کامیاب آپریشن چلایاگیا، اس کے لئے میں ریاستی حکومت سمیت سبھی کوخاص طورپرمبارکباد دیتا ہوں۔
مسٹرمودی نے کہا کہ اتراکھنڈ ایک ایسی ریاست ہے جہاں آپ روحانیت اور ترقی، دونوں کا ایک ساتھ تجربہ کرتے ہیں اور میں نے تو اتراکھنڈ کے احساسات اور امکانات کو قریب سے دیکھا ہے، میں نے اسے جیا ہے اور تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے اتراکھنڈ کے لئےکہی اپنی ایک نظم یاد کرتے ہوئے سنائی۔ انہوں نے سنایا، "جہاں انجولی میں گنگا جل ہو، جہاں ہر اک من بس نشچل ہو، جہاں گاؤں- گاؤں میں دیش بھکت ہو، جہاں ناری میں سچّا بل ہو، اُس دیو بھومی کا آشرواد لیے میں چلتا جاتا ہوں! اس دیو بھومی کے دھیان سے ہی، میں سدا دھنیہ ہو جاتا ہوں! ہے بھاگیہ میرا، سوبھاگیہ میرا، میں تم کو شیش نواتا ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ آج ہندوستان، ترقی بھی اور وراثت کے بھی جس منتر کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، اتراکھنڈ اس کی روشن مثال ہے۔
سمٹ میں موجود ملک اور دنیا کے معروف صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب کاروبار کی دنیا کی عظیم شخصیات ہیں اور جو لوگ کاروباری دنیا میں ہیں، اپنے کام کا ایس ڈبلیو او ٹی تجزیہ کرتے ہیں۔ آپ کی کمپنی کی طاقت کیاہے، اس کی کمزوریاں کیا ہیں، مواقع کیا ہیں اور کیا چیلنجز ہیں اور آپ اس کا اندازہ لگا کر اپنی مزید حکمت عملی وضع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم آج ہندوستان پر ایسا ہی ایس ڈبلیو او ٹی تجزیہ کریں تو ہمیں کیا ملے گا؟ ہم چاروں طرف خواہشات، امیدیں، خود اعتمادی، اختراعات اور مواقع دیکھیں گے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ آپ آج ملک میں پالیسی پر مبنی گورننس دیکھیں گے۔ آج آپ سیاسی استحکام کے لیے ہم وطنوں کا پرزور مطالبہ دیکھیں گے۔ امنگوں والا ہندوستان آج عدم استحکام نہیں چاہتا، وہ ایک مستحکم حکومت چاہتا ہے۔ ہم نے حال ہی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی یہ دیکھا ہے اور اتراکھنڈ کے لوگ پہلے ہی کر چکے ہیں۔ عوام نے مستحکم اور مضبوط حکومتوں کے لئے مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے گڈ گورننس کو ووٹ دیا، گورننس کے ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر ووٹ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا ہندوستان اورہندوستانیوں کی طرف امید اور احترام کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور تمام صنعت کے لوگوں نے اس کا ذکر بھی کیا ہے۔ ہر ہندوستانی اسے اپنی ذمہ داری کے طور پر لے رہا ہے۔ سب کو لگتا ہے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر اس کی اپنی ذمہ داری ہے، یہ ہر ملک کے باشندے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی اعتماد کا نتیجہ ہے کہ کورونا بحران اور جنگوں کے بحران کے باوجود ہندوستان اتنی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ آپ نے دیکھا ہے کہ کورونا ویکسین ہو یا معاشی پالیسیاں، ہندوستان نے اپنی پالیسیوں اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا ۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان دیگر بڑی معیشتوں کے مقابلے میں ایک مختلف لیگ میں نظر آتا ہے۔ قومی سطح پر ہندوستان کی اس قوت کا فائدہ، اتراکھنڈ سمیت ملک کی ہر ریاست کو ہورہا ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا