سوسائٹی علاقائی فنون پر تھیٹر، رقص اور موسیقی جیسے فنون پرفارم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ ثقافت نے معروف مصنف اور جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر جاوید راہی کو کلا کیندر سوسائٹی جموں کا نیا سیکرٹری مقرر کیا ہے۔اس سلسلے میں آج ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں انہیں جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز کے چیف ایڈیٹر کے طور پر موجودہ کردار کے علاوہ کلا کیندر سوسائٹی کے سکریٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔واضح رہے 2006 میں حکومت جموں و کشمیر کے ذریعہ قائم کی گئی کلا کیندر سوسائٹی بصری فنون کی مختلف شکلوں کو فروغ دینے، پھیلانے اور محفوظ کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔یہ سوسائٹی علاقائی فنون پر خصوصی توجہ کے ساتھ تھیٹر، رقص اور موسیقی جیسے فنون پرفارم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتی ہے۔یاد رہے ڈاکٹر جاوید راہی ایک قومی سطح پر تسلیم شدہ مصنف اور محقق ہیں جن کے کارناموں کا ایک متاثر کن پورٹ فولیو ہے۔ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے دو درجن تحقیقی کتابیں تصنیف کیں، اور تین سو کتابیں مرتب کیں۔ ان کی مہارت چار یک لسانی لغت کے منصوبوں کو مرتب کرنے تک پھیلا ہوا ہے۔ ڈاکٹر راہی نے انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (آئی سی سی آر)، وزارت خارجہ، اور نئی دہلی میں ساہتیہ اکادمی سمیت مختلف قومی تنظیموں کے مشاورتی رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔