جموںوکشمیر میں سماگراہ شکھشا پروجیکٹ کی عمل آوری کی پیش رفت کا بھی لیا جائزہ
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سکولی تعلیم کی کارکردگی اور کام کاج اور جموںوکشمیر میں سماگراہ شکھشا پروجیکٹ کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری تعلیم آلوک کمار ،ناظم سکولی تعلیم کشمیرتصدق حسین میر، ناظم سکولی تعلیم جموں اشوک کمار شرما، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگرا ہ شکھشا دیپ راج، سپیشل سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم نصیر احمد، چیئرمین جے کے بی او ایس ای پریکشت سنگھ، تمام اضلاع کے چیف ایجوکیشن اَفسران اور دیگر متعلقہ افسران نے ذاتی طور پر اوربذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔میٹنگ میں دونوں ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی اور کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے اور جموںوکشمیر میں تعلیمی نتائج کو بڑھانے کے لئے بہتری کی ضرورت کی نشاندہی کی جاسکے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سماگراہ شکھشا پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ فلیگ شپ اَقدام ملک بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے مختلف عناصر جیسے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اساتذہ کی تربیت اور نصاب میں اضافہ جموں و کشمیر میں تعلیمی مستقبل کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس کا پورے خطے میں طلباء او راساتذہ کی ترقی پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے ۔مشیرموصوف نے افسران سے گرلز ہوسٹل کی عمارتوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی بروقت تکمیل اور اسے بروقت حوالے کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے گرلز ہوسٹلوںکو فوری طور پر فعال کرنے اور ان جگہوں پر مطلوبہ عملہ کی تعیناتی کے لئے بھی کہا۔ اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ان ہوسٹلوں میں کسی بھی اِدارے کی طالبات کو داخل کرنے کا طریقہ کار وضع کریں تاکہ وہ اِس بنیادی ڈھانچے سے فائدہ اُٹھا سکیں۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے پروجیکٹ سماگرا ہ شکھشاکے اساتذہ کی تربیت کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں پر زور دیا کہ وہ اساتذہ کی تربیت کے لئے ایک منصوبہ تیار کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ سال کے دوران طلباء کی طرف سے سیکھنے کے نتائج کے حصول کی بنیاد پر اساتذہ کی قابلیت کا اندازہ لگانے کے لئے ایک فریم ورک تیار کریں تاکہ اساتذہ کی مطلوبہ استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے۔اس دوران مشیرموصوف نے جموں اور کشمیر کے ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی اور کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے دونوں ڈائریکٹروں سے کہا کہ وہ تعلیمی لحاظ سے پسماندہ بلاکوں میں شرح خواندگی بڑھانے کے لئے ایک طویل مدتی منصوبہ تیار کریں۔اُنہوں نے تعلیمی طور پر پسماندہ ہر بلاک میں شرح خواندگی کے موجودہ فیصد کے بارے میں پندرہ دن کے اندر ایک تفصیلی رِپورٹ پیش کرنے کو بھی کہا۔اُنہوں نے ڈائریکٹروں سے کہا کہ وہ طلباء او راساتذہ کے تناسب کو معقول بنائیں ۔ اِس کے علاوہ اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کا باقاعدہ انعقاد کریں تاکہ انہیں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور سیکھنے کے نتائج کو بڑھانے کے لئے درکار جدید تعلیمی آلات سے آگاہ کیا جا سکے۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ قابلیت پر مبنی سیکھنے پر توجہ دیں تاکہ طلباء ان تصورات کی بہتر تفہیم پیدا کر سکیں جنہیں حقیقی حالات میںعملایا جا سکتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے سمکشا، نپن بھارت، آئی سی ٹی اور ڈیجیٹل اقدامات، پیشہ ورانہ تعلیم، آغاز لیبز (اسٹرو فزکس لیبز) اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے دوران مستعدی سے کام لیں کیوں کہ ان سے یہاں کے تعلیمی منظر نامے میں تبدیلی آئے گی۔اُنہوں نے سمکشا فیڈ بیک میکانزم کے بارے میں دونوں ڈائریکٹروںسے کہا کہ وہ طلباء سے موصول ہونے والے جوابات پر عمل کریں۔ اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بہتری کے اقدامات کے لئے اس فیڈ بیک کا استعمال کریں۔ میٹنگ میں دونوں ڈائریکٹروں اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ شکھشا نے اپنے متعلقہ شعبوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔