نئی دہلی،//ہندوستان کی عظیم خاتون بلے باز متھالی دورائی راج ، تقریباً دو دہائیوں سے زیادہ مشتمل اپنے بین الاقوامی کیریئر میں کئی سنگ میل عبور کر چکی ہیں۔ انہیں کرکٹ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جنہوں نے لگاتار سات مرتبہ نصف سنچریاں بنائیں۔ خواتین کے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں، وہ واحد خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے 7000 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔میتھالی راج مرد اور خواتین دونوں میں ہندوستان کی پہلی کپتان ہیں جو 2005 اور 2017 میں دو بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیل چکی ہیں۔
لیڈی سچن کے نام سے مشہور میتھالی راج کی پیدائش 3 دسمبر1982 کو ایک تامل خاندان میں ہوئی تھی۔ان کا پورا نام میتھالی دورائی راج ہے۔ راجستھان کے جودھ پور میں پیدا ہونے والی میتھالی کے والد ہندوستانی فضائیہ میں پائلٹ رہے ہیں۔ میتھالی کو بچپن سے ہی کلاسیکی رقص سیکھنے کا شوق تھا۔ صرف 10 برس کی عمر میں وہ ہندستان کے معروف رقص بھرت ناٹیم میں ماہر ہو گئی تھیں اور پھر اسی میں اپنے کریئر بنانے کا سوچنے لگی تھیں۔ ان کے والد نے میتھالی کو ڈانس کے ساتھ ساتھ کرکٹ کی تربیت بھی دینا شروع کردی۔ لیکن بعد میں میتھالی کے لئے ڈانس اور کرکٹ دونوں پر توجہ مرکوز کرنا بہت مشکل ہو گیا، اسی لیے متھالی کی ڈانس ٹیچر نے انھیں کسی ایک چیز کا انتخاب کرنے کو کہا ۔ پھر متھالی نے کرکٹ کا انتخاب کیا۔ان کے اس فیصلے نےا ٓگے چل کر انہیں شہرت کی بلندیوں پر بیٹھا دیا۔
رقص کی دنیا کو چھوڑ کر کرکٹ کی دنیا میں جب میتھالی نے باقاعدہ قدم رکھا تو ان کے کوچ سمپت کمار نے بھی انہیں آگے لے جانے کے لیے سخت محنت کی۔ انہیں ایک بہترین کھلاڑی بنانے کےلئےجی جان سے محنت کی ۔ گرمی ہو، سردی ہو یا پھر بارش، متھالی کو پریکٹس کے لیے ضرور جانا پڑتا تھا۔ میتھالی کے والدین نے بھی ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ہر طرح سے ان کا ساتھ دیا۔کچھ برسوں کی سخت محنت کے بعد بہت جلد میتھالی کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا اور صرف 17 برس کی عمر میں وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن گئیں۔