لوک سبھا الیکشن: دوسرے مرحلے میں ہوئی تقریباً 60.96 فیصد ووٹنگ

0
151
GHAZIABAD, APR 26 (UNI):- Voters showing mark of indelible ink after casting their votes at a polling booth during the 2nd Phase of General Elections-2024 at Ghaziabad, in Uttar Pradesh on Friday. UNI PHOTO-189U

ووٹنگ کا کل فیصد پہلے مرحلے کے مقابلے میں کم رہا۰تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی
لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍شمال مغربی ہندوستان میں بڑھتی ہوئی گرمی کے درمیان لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کو 88 سیٹوں پر تقریباً 61 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی 88 سیٹوں پر ووٹنگ کا کل فیصد پہلے مرحلے کے مقابلے میں کم رہا۔ دوسرے مرحلے میں اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں ووٹنگ کا تناسب قومی اوسط سے کافی کم رہا، جب کہ تریپورہ، منی پور، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور جموں و کشمیر میں ووٹنگ 70 سے 79 فیصد کے درمیان رہی۔
الیکشن کمیشن کے شام 7 بجے تک ووٹنگ کے اعداد و شمار کے مطابق اتر پردیش میں 54.83 فیصد، بہار میں 54.91 فیصد، مہاراشٹر میں 54.34 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 56.60 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جب کہ کیرالہ میں 65.28 فیصد اور راجستھان میں 63.74 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
تریپورہ میں سب سے زیادہ 78.63 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ منی پور میں 77.18 فیصد، چھتیس گڑھ میں 73.05 فیصد، مغربی بنگال میں 71.84 فیصد، جموں و کشمیر میں 71.63 فیصد، آسام میں 70.78 فیصد ووٹنگ ہوئی۔پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر تقریباً 63.4 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی 543 رکنی لوک سبھا کی 190 سیٹوں پر ووٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔ چودہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی تمام سیٹوں پر ووٹنگ ہوچکی ہے۔
تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی۔ کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مجموعی طور پر ووٹنگ پرامن رہی۔ چھتیس گڑھ کے بستر ڈویڑن کے 102 گاؤں کے ووٹروں نے پہلی بار لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالے۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور ان کے ساتھی الیکشن کمشنر گیانش کمار اور سکھویر سنگھ سندھو نے دارالحکومت میں کمیشن کے ہیڈکوارٹر میں قائم کنٹرول روم کے ذریعے دوسرے مرحلے کے ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کی۔ کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنز پر ویب کاسٹنگ کی گئی۔ بہار کے بانکا، مدھے پورہ، کھگڑیا اور مونگیر کے کئی پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا آخری وقت شام 4 بجے کے بجائے شام 6 بجے تک بڑھا دیا گیا تاکہ ووٹر شدید گرمی سے بچ سکیں۔
چھتیس گڑھ، راجستھان، مدھیہ پردیش، جموں و کشمیر، تریپورہ اور منی پور اور دیگر مقامات پر مرد و خواتین اپنے روایتی لباس میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچے اور جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں تنوع کا مظاہرہ کیا۔کرناٹک میں ورنا حلقہ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ٹیم نے ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے روایتی لباس میں ووٹروں کا استقبال کیا۔ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر سکیورٹی اہلکاروں کو بزرگ اور معذور ووٹرز کی مدد کرتے دیکھا گیا۔
چھتیس گڑھ کے مہاسمند کے کلہاڑی گھاٹ گاؤں کی کچھ خواتین ووٹر اپنے بچوں کے ساتھ کمار پی وی ٹی جی پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے آئیں۔ پہلی بار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے والے نوجوان ووٹروں کو کئی جگہوں پر ووٹ ڈالنے کے بعد خوشی سے سیلفی لیتے دیکھا گیا۔تریپورہ کے دور افتادہ ڈھلائی اسمبلی حلقے کی رائما وادی میں ایک پولنگ بوتھ پر ووٹر ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹر کشتیوں میں پہنچے تھے۔ ریٹائرڈ ایئر مارشل پی وی ایر نے پہلے گھنٹے میں بنگلورو کے ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالا۔
راجستھان میں، ڈنگر پور کے بڈگاما، چکھلی پولنگ اسٹیشن کے کچھ ووٹروں کو نالہ پار کرنے کے لئے ڈونگی لگائی تھی تھی۔کیرالہ میں ووٹنگ کے عمل کے دوران ایک بوتھ ایجنٹ سمیت چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ کرناٹک کے بنگلورو کے جے پی نگر کے ایک مرکز میں ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑی ایک عمر دراز عمر خاتون کو دل کا دورہ پڑا۔ اسی قطار میں اپنی باری کا انتظار کرنے والے ایک ڈاکٹر نے فوری طور پر اس کی مدد کی اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
دوسرے مرحلے میں 88 سیٹوں پر کل 15.88 کروڑ سے زیادہ ووٹر رجسٹرڈ ہیں، جن کے ووٹوں پر 1,206 امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ ان سیٹوں کے 1.67 لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح 7 بجے سے ووٹنگ کرائی گئی۔الیکشن کمیشن نے بہار کے پارلیمانی حلقوں بانکا، مدھے پورہ، کھگڑیا اور مونگیر کے کئی پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کے اوقات صبح 7:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک اور بعض پر صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہوں گے۔ اس مرحلے میں جن امیدواروں کا مستقبل ای وی ایم مشینوں میں درج کیا جا رہا ہے ان میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، راجیو چندر شیکھر، سابق مرکزی وزیر ششی تھرور اور چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی بھی شامل ہیں۔ کمیشن کے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق دوسرے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی بیتول سیٹ پر انتخابات ہونا تھے لیکن بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار کی موت کے بعد اب اس سیٹ پر انتخابات تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو ہوں گے۔ کمیشن نے منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں، اور بزرگ اور معذور ووٹرز کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کیرالہ سے 20، کرناٹک سے 14، راجستھان سے 13، مہاراشٹر اور اتر پردیش سے آٹھ، آٹھ، مدھیہ پردیش سے چھ، آسام اور بہار سے پانچ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال اور جموں و کشمیر، منی پور اور تریپورہ میں ایک ایک سیٹ پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ان پر کل 1206 امیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزما رہے ہیں۔لوک سبھا کی کل 543 سیٹوں کے لیے سات مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر 62.37 فیصد ووٹنگ ہوئی، جو 2019 کے مقابلے میں تقریباً تین فیصد کم ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا