شاخ کو من پسندی کی جگہ کھولنے پر عوام میں تشویش
ناظم علی خان
مینڈھر//جموں کشمیر بنک کی ایک شاخ موضع اڑی میں کھولی جا رہی ہے مگر جموں کشمیر بنک کے لوکل آفیسران اپنے ذاتی مفاد ات کے لئے موزوں جگہ کے بجائے اپنی من پسند اشخاص کے گھروں میں کھول رہے ہیں جس سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ایسا ہی ہوا ہے بنک کی ایک شاخ سلواہ کے لئے منظور ہوئی تھی مگر بنک کے اہلکاران نے اس شاخ کو مینڈھر بنک سے صرف ایک کلو میٹر دوری پر بمقام سخی میدان کھولا ہے جس کے باعث عوام علاقہ سلواہ، پٹھانہ تیر ،چھونگاں،کالابن وغیرہ کو محروم کردیا ہے۔ اور عام آدمی کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے اب جو بنک شاخ اڑی میں کھولی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں عوام علاقہ اڑی نے ایک ریزولیشن منجانب عوام اڑی پاس کروا کر زونل ہیڈ راجوری کے پاس پیش کی اور وفد نے ان کے نوٹس میں لایا کہ اہلکاران بنک اس شاخ کو مینڈھر ہرنی روڈ پر سنگالہ مینڈھر بنک شاخ سے صرف ایک کلو میٹر دوری پر کھولنے کی سفارش کی ہے جبکہ عوام سڑہوتی،اڑی،بغلہ،نکہ چوٹیاں،ناڑ،سلواہ اور جبڑاں گورسائی کی عوام کے مفادات کو نظر انداز کر رہے ہیں اور صرف ایک مالک مکان کے مفاد کے لئے پوری آبادی کو بنک سہولیات سے محروم کر رہے ہیں۔زیارت مردان شاہ جہاں پر چند تجارتی ادارہ جات بھی ہیں اور اس پورے متذکرہ الصدر علاقہ کا عین مرکز ہے یہاں پر کھولا جانا واجب ہے حاجی محمد رزاق ،محمد اشتیاق خان، چوہدری محمد خورشید،مولوی محمد افضل خان،بابو محمد صدیق،پشکراج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر بنک اتھارٹی نئی شاخ کو موزوں جگہ پر بمقام نزد زیارت مردان شاہ جہاں پر بلڈنگ بھی دستیاب ہے نہیں کھولے گی تو انھیں احتجاج کی راہ اختیار کرنی پڑے گی ۔لہذا بنک اتھارٹیز اور جناب ڈپٹی کمشنر پونچھ سے گذارش ہے کہ عوامی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنک شاخ مناسب جگہ پر کھولی جائے۔