جاری حماس اور اسرائیل کشیدگی کے چلتے خام تیل کی قیمتوں مزید اضافے کا خطرہ برقرار
یواین آئی
دبئی؍؍مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اسرائیل حماس کے درمیان تنازعہ میں اضافہ دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے تاہم اس کا اثر فی الحال مشرقی وسطیٰ پر پڑا ہے۔اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں نہ بڑھنے کے باوجود مشرقی وسطیٰ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل میں رسک پریمیم کا خطرہ ایک بار پھر سے بڑھ گیا ہے جس کے اثرات آنے والے دنوں پر پڑیں گے۔عالمی مارکیٹ کے برعکس اسرائیل کی جانب سے غزہ پر متوقع زمینی حملوں کے خدشے کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جمعہ کو ایشیائی مارکٹیں مندی کا شکار رہیں جبکہ تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔عالمی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے نتیجے میں 1400 افراد کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے ساتھ ساتھ تاجر مشرقی وسطی میں پیدا ہونے والی صورت حال پر خوف سے بھری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ادھر ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملہ کیا تو وہ بھی اس جنگ میں شریک ہوجائے گا، جس سے اس بات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ پورا خطہ وسیع تر تنازعات کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔مشرق وسطیٰ میں جنگ کے پھیلنے کے خدشات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور منافع میں توسیع کردی گئی ہے اور اس سے ایشیا میں تیل کی تجارت میں ایک فیصد اضافہ ہوا۔ماہرین کے مطابق خام تیل میں رسک پریمیم کا خطرہ ایک بار پھر بڑھ گیا ہے، جب تک حماس اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر رہے گی تب تک خام تیل کی قیمتوں میں کشیدگی کے خدشات پر مزید اضافے کا خطرہ برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ حماس اسرائیل جنگ سے قبل ہی تجزیہ نگاروں نے پیش گوئی کی تھی کہ سال 2023میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ لازمی ہوگا،لیکن ستمبر میں ہونے والے رائٹرز کے سروے میں چند مبصرین نے خام تیل کو سو ڈالر تک بڑھنے کا اشارہ دیا جبکہ اس وقت برینٹ 96 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے جمعے کو کیے جانے والے آئل پول کے مطابق 42 ماہرین اقتصادیات اور تجزیہ کار اب 2023میں برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں اوسطاً 84.09 ڈالر فی بیرل دیکھ رہے ہیں، جو اگست میں 82.45ڈالر سے زیادہ ہے۔