گورنمنٹ چھوٹے شاہ میموریل ڈگری کالج مینڈھر میں خطاطی اور تقریری مقابلوں کا انعقاد
لازوال ڈیسک
پونچھ گورنمنٹ چھوٹے شاہ میموریل ڈگری کالج مینڈھر میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اعظم کی سربراہی میں شعبہ فارسی و عربی کی طرف سے ایک خطاطی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کے طلبہ و طالبات نے شمولیت کی۔ مقابلے کا آغاز ڈاکٹر اعجاز احمد، صدر شعبہ فارسی نے کیا اور اس طرح کے مقابلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی نیز مختلف زبانوں کے رسم الخط کے متعلق جانکاری دی اور کہا کہ تحریر انسان کی شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے، اس کی شخصیت، اس کی فطرت اور عادات کو نمایاں کرتی ہے، اس کی ذہنی کیفیات اور دلی جذبات کا اظہار ہوتی ہے۔ اچھی لکھائی اور خوش خطی سے انسانی پہلوو¿ں سے متعلق معلومات حاصل ہوتی ہیں اور یہ طلبہ کے تعلیمی کیرئر میں ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت رکھتی ہے۔ وہیںکالج اساتذہ کو اس امر کا احساس دلایا کہ طلبہ کو باقاعدہ خطاطی و املا کی درستی کی جانب مائل کیا جائے تاکہ اس طرح کے پروگرام منعقد کر کے اس نایاب ہنر کی طرف نئی نسل کو راغب کیا جا سکے اور ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے جس کے نتیجہ میں ان میں مقابلے کا رجحان بھی پیدا ہو اور اس آرٹ میں اپنا لوہا بھی منوا سکیں۔ مقابلہ پانچ زبانوں میں کروایا گیا جس میں عربی ،فارسی، انگریزی ، ہندی و اردو زبانیں شامل ہیں بچوں نے کیلیگرافی میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اس مقابلہ میں کل چوبیس طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جن میں ساحل ظہیر، شبنم کوثر و محمد طارق نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا اس موقع پر صدر شعبہ ایجوکیشن پروفیسر محمد اکرم نے بچوں کی سراہنا کی اور مختلف ہنر سیکھنے پر زور دیا اور کہا کہ اچھا لکھنا نصف تعلیم ہے۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور پروگرام میں کالج کے سبھی ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف نے حصہ لیا۔ آخر میں صدر شعبہ عربی ڈاکٹر شاہد عزیز نے اسٹاف و شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔اس مقابلہ کے علاوہ کالج میں شعبہ سیاسیات و معاشیات کی طرف سے شہریوں کے بنیادی فرائض اور ذمہ داریوںکے موضوع پر ایک سیمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز پروفیسر مرتضیٰ احمد ، صدر شعبہ سیاسیات نے کیا اور حاضرین کو سیمپوزیم کی غرض و غایت سے آگاہ کیا، ڈاکٹر جہانگیر احمد بھٹ ، لیکچرر شعبہ سیاسیات نے شہریوں کے بنیادی فرائض پر روشنی ڈالی اور شرکاءکو بنیادی فرائض ادا کرنے کی تلقین کی۔ اس مقابلہ میں کالج کے طلبہ و طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈاکٹر تبارک امین خان ، صدر شعبہ معاشیات نے اپنی طرف سے طلبہ و طالبات کو انعامات تقسیم کیے اور آخر میں شکریہ کی تحریک بھی پیش کی۔ پروگرام میں کالج کے تمام اسٹاف نے حصہ لیا اور بچوں کی تقریری مہارت پر ان کی ستائیش و حوصلہ افزائی کی۔