بادام پہاڑ //صدرجموریہ دروپدی مرمو نے منگل کو اڈیشہ کے قبائلی اکثریت والے میور بھنج ضلع بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن پر دو ایکسپریس ٹرینوں اور ایک میمو سروس کا افتتاح کیا اور بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن کی دوبارہ ترقی کا سنگ بنیاد رکھا۔
اڈیشہ کے مشہور سملی پال نیشنل پارک سے صرف 20 کلومیٹر دور چھوٹے شہر بادام پہاڑ تک پٹری تو آزادی سے قبل ہی بن چکی تھی لیکن آج پہلی بار یہاں ایکسپریس ٹرین پہنچی ہے۔
بادام پہاڑ اسٹیشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں صدر جمہوریہ نے 08147/08148 ٹاٹا نگر بادام پہار-ٹاٹا نگر میمو سروس، 18051/18052 بادم پہاڑ-رورکیلا-بادام پہاڑ ہفتہ وار ایکسپریس اور 18049/18050 شالیمار-باد ام پہاڑ-شالیمار ہفتہ وار ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا اورامرت بھارت اسٹیشن یوجنا کے تحت بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اس موقع پر اڈیشہ کے گورنر رگھوبر داس، ریلوے کے وزیر اشونی وشنو، وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، قبائلی امور اور افرادی قوت کے وزیر مملکت وشویشور ٹوڈو، اڈیشہ حکومت میں وزیر سداما مرانڈی نیز ریلوے اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے بادام پہاڑ اسٹیشن سے شالیمار بادام پہاڑ ہفتہ وار ایکسپریس ٹرین میں 32 کلومیٹر دور واقع رائرنگ پور تک سفر بھی کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب صدرجمہوریہ ہند نے کسی عام ایکسپریس ٹرین میں سفر کیا۔ صدر نے محکمہ ڈاک کے نئے راجرنگ پور ڈویژن اور پوسٹل ایکسپورٹ سنٹر کا افتتاح کیا اور ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔