اپنی پارٹی کے بانی سید محمد الطاف بخاری کی مبارکباد
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے حضرت امیرِ کبیر میر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدس موقعے پر جموں کشمیر میں امن و استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دْعا کریں۔اپنے ایک پیغام میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا ، ’’حضرت میر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ، جنہیں ہم شاہ ہمدان رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے بھی پکارتے ہیں، ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے کیونکہ اْن کی بابرکت کاوشوں کے نتیجے میں کشمیر میں اسلام کی تعلیمات پھیل گئیں اور ساتھ ہی ان کی بدولت اس خطے میں بعض اہم ثقافتی اور تہذیبی روایات کی داغ بیل بھی پڑی۔ آج شاہ ہمدان کے سالانہ عرس کے موقع پر، میں دل کی گہرائیوں سے کشمیری عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘اپنی پارٹی کے صدر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مبارک موقع پر کشمیر کے پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ خانقاہ کی زیارت گاہ اور مذہبی مقامات، جہاں پر شاہ ہمدان کے عرس کے سلسلے میں عقیدت مندان حاضری دیں گے، پر تمام لازمی انتظامات کرے اور زائرین کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچائے۔