گاندھی جی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا آن لائن سیمینار کا انعقاد
محمد الطاف ثاقِب
سرینگر؍؍2 اکتوبر کو موہن داس کرم چند گاندھی جی کا یوم پیدائش ہے – ہمارے ملک میں یہ دن قومی تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ گاندھی کی عدم تشدد کی پالیسی کو فروغ دینے کے لئے پوری دنیا میں اس دن کو یوم عدم تشدد کے طور پر جانا جاتا ہے ۔اسی ضمن میں 4 اکتوبر کو مانو سی ٹی ای کالج سرینگر نے کچھ دیگر تعلیمی اداروں کے اشتراک کیساتھ ایک آن لائن سیمنار کا انعقاد کیا ۔ان اداروں کے ساتھ ساتھ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی بھی شامل تھیں۔ اس تقریب میں متعلقہ اداروں کے طلبا بشمول اساتذہ نے حصہ لیا جسمیں گاندھی جی کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں شرکا نے گاندھی جی کی عدم تشدد پالیسی کو اپنانے پر زور دیا-شرکاء نے بتایا کے گاندھی جی نے عدم تشدد تحریک شروع کی تھی جس سے پوری دنیا متاثر ہوئی۔اس تحریک میں انہوں نے بغیر کسی ذات و نسب کے، بغیر کسی بھید بھائو کے ہر آدمی کو ایک نظر سے دیکھا اور جوڑا۔ گاندھی جی نے عام آدمی کی پریشانیوں کو اپنی پریشانی سمجھ کر عوام کی رہنمائی کی۔ گاندھی جی نے چرخہ سودیشی تحریک بھی چلائی جس کا مقصد انسانوں کی خدمت کرنا، دوسروں کو تکلیف پہنچائے بغیر جینا، وغیرہ ہے۔مانو کیمپس سی ٹی ای کے ایک طالب علم جن کا نام محمد ابوالکلام ہے نے لازوال سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کی تعلیم نے دنیا بھر میں ایک نئی راہ ہموار کی۔ گاندھی جی کے نظریات کو ہی پیش نظر رکھتے ہوئے قومی تعلیمی پالیسی 1964-66 کی بنیاد رکھی گئی۔ گاندھی جی کا ہمیشہ یہی ماننا تھا کہ تعلیم مادری زبان میں سیکھنی چاہیے۔