سی سی آئی صدر ارون گپتا نے لہرایا قومی پرچم
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) جموں نے یہاں 75 واں یوم جمہوریہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔اس ضمن میں چیمبر ہاؤس میں ایک متاثر کن پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز ارون گپتا، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں نے دیگر عہدیداروں اور سی سی آئی کے سینئر ممبران کی موجودگی میں قومی پرچم لہرانے سے کیا۔اس موقع پر ارون گپتا نے قومی پرچم لہرایا جس کے بعد پورا احاطہ قومی ترنگے سے گونج اٹھا اور ان شہداء کو سلام پیش کیا جنہوں نے سرحدوں اور اندرونی علاقوں میں ملک کی علاقائی سالمیت کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔اپنے خطاب میں ارون گپتا نے آزادی پسند جنگجوئوں کی شہادت پر روشنی ڈالی جنہوں نے ملک اور اس کے عوام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس کے نتیجے میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے لوگ پوری آزادی اور عزت نفس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور عزت و وقار حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے قوم کو برطانوی راج سے نجات دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔