سی بی ایس ای نتائج:

0
33

شبیر شاہ کی بیٹی نے جموں وکشمیر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
یواین آئی

سرینگر؍؍نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں مقید سینئر علیحدگی پسند راہنما شبیر احمد شاہ کی بیٹی سماء شبیر شاہ نے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے زیر اہتمام منعقدہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ سماء دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) سری نگر (اتھواجن ) میں زیر تعلیم تھیں۔ سی بی ایس سی بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان ہفتہ کے روز کیا گیا۔ سماء شبیر شاہ نے 97 اعشاریہ 8 فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ شبیر شاہ کو گذشتہ برس 26 جولائی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ انہیں تب سے لیکر اب تک تہاڑ جیل میں ہی مقید رکھا گیا ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) جس کے وہ سربراہ ہیں، کے مطابق مسٹر شاہ نے اب تک اپنی زندگی کے 31 سال جیل خانوں میں گزارے ہیں۔ پارٹی کے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا گیا ’والد کی ایک پرانے اور من گھڑت کیس میں گرفتاری کے باوجود سماء نے 98 فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ ہم اس شاندار کامیابی پر اسے مبارکباد پیش کرتے ہیں‘۔ واضح رہے کہ سی بی ایس ای نے بارہویں جماعت کے امتحانات 5 مارچ سے 13 اپریل کے درمیان منعقد کئے تھے۔ امتحانات میں 83 اعشاریہ ایک فیصد طلباء نے کامیابی حاصل کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا