کم سے کم وقت میں مریضوں کیلئے معیاری خدمات شروع کرنے کیلئے ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت
لازوال ڈیسک
جموں؍؍سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ڈاکٹر سیّدعابد رشید شاہ نے آج سٹیٹ کینسر اِنسٹی چیوٹ جموں کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور بڑے پیمانے پر کینسر مریضوں کے لئے جدید ترین خدمات کے قیام کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی جموں ، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایم ایس سی ایل ، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی جموں اورصحت و طبی تعلیم محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران اور پروجیکٹ کی عمل آوری ایجنسیوں نے شرکت کی۔پرنسپل جی ایم سی جموں نے ایس سی آئی جموں کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ پیش کیا جس میں اَفرادی قوت کی دستیابی ، سول ورکس کی صورتحال ، مشینری اور آلات اور مکمل آپریشنلائزیشن کے لئے ریگولیٹری ضروریات جیسے مختلف پہلوؤں کا اَحاطہ کیا گیا۔جموں و کشمیر میں کینسر کے علاج اور تشخیص کے لئے مجموعی کمیوں کو دور کرنے کے لئے مرکزی معاونت والی سکیم ’نیشنل پروگرام فار پریوینشن اینڈ کنٹرول آف کینسر، ذیابیطس، سی وی ڈی اور سٹروک ‘( این پی سی ڈی سی ایس) کے لئے قومی پروگرام کے تحت 104 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے یہ اِنسٹی چیوٹ قائم کیا جارہا ہے۔سیکرٹری صحت کو جانکاری دی گئی کہ ایس سی آئی جموں نے 4 ؍فروری 2023 ء سے او پی ڈی خدمات اور 6؍ نومبر 2023 ء سے آئی پی ڈی خدمات کا آغاز کیا۔ اِس کے علاوہ ڈے کیئر کیموتھراپی بھی شروع کی گئی۔ اَب تک تقریباً 7,000 او پی ڈیزکی گئیں، 4,000 مریضوں کو کینسر کیموتھراپی اورٹریٹمنٹ فراہم کیا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ 45 آؤٹ ریچ سکریننگ کیمپوں میں 1,500 مریضوں کی سکریننگ کی گئی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایس سی آئی جموں کے لئے میڈیکل اونکولوجی میں نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن نے 2 ڈی این بی نشستوں کی منظوری دی ہیڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی آئی جموں میں مخصوص سطح کی خدمات شروع ہو چکی ہیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ سٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹ کی کم سے کم وقت میں مکمل فعالیت کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایس سی آئی جموں کو مکمل طور پر فعال بنانے کے معاملے کو اِنتہائی تیزی کے ساتھ اُٹھائے جانے کی ضرورت ہے تاکہ غریبوں اور ضرورت مندوں کے فائدے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی کے اندر ضروری خدمات فراہم کی جاسکیں۔سیکرٹری صحت نے سول،میکنیکل اور الیکٹریکل ورکس، لینڈ سکیپنگ اور سائٹ ڈیولپمنٹ، مشینری اور آلات کی خریداری، فیکلٹی، نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف سمیت ہیومن ریسورسزکے انتخاب، صفائی ستھرائی اور سیکورٹی سروسز کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹرسیّد عابد رشید شاہ نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ سول ورکس کی تکمیل میں تیزی لائیں اور سائٹس خاص طور پر تہہ خانے اور تیسری منزل کو اگلے ایک ماہ میں حوالے کریں اور ایل آئی این اے سی، ماڈیولر او ٹیز اور سی ٹی سمیلیٹر وغیرہ جیسے اہم مشینری اور آلات کی تنصیب کو ہدف کے مطابق سہولیت فراہم کریں۔چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں سے کہا گیا کہ وہ اِس پروجیکٹ کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کنٹریکٹر مناسب اَفرادی قوت اور مواد کو سائٹ پر متحرک کرے تاکہ باقی تمام کاموں کو مکمل کیا جاسکے۔پرنسپل جی ایم سی جموں نے مزید بتایا کہ اے ای آر بی اور دیگر ایجنسیوں سے خدمات کو مکمل طور پر آپریشنل کرنے اور ریگولیٹری منظوریوں میں اہم افرادی قوت کی شمولیت کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد تین ماہ کے اندر بریکی تھراپی سسٹم اور پی ای ٹی سکین کو فعال کیا جائے گا۔سیکرٹری صحت نے میٹنگ کے اِختتام پر اس بات پر زور دیا کہ سٹیٹ کینسر اِنسٹی چیوٹ کا مقصد جموںوکشمیر یوٹی بالخصوص جموں خطے میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور سائنسی علم سے کینسر کی روکتھام اور ٹریٹمنٹ کی جدید ترین سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ مریضوں کو کینسر سے متعلق بیماریوں کے ساتھ مناسب تشخیص اور علاج کے لئے سہولیت فراہم کی جاسکے۔