واقعہ کو دہشت گردی کی ایک بدترین مثال قرار دیا، کہا ایسی وحشیانہ کارروائیوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے شمالی ضلع بارہمولہ کے گانٹہ مولہ شیری علاقے میں ایک مسجد کے اندر ریٹائرڈ پولیس آفسر (ایس ایس پی) محمد شفیع میر کے بہیمانہ قتل پر اپنے گہرے دْکھ کا اظہار کیا ہے۔ موصوف کو ایتوار کی صبح دہشت گردوں نے مسجد کے اندر اْس وقت گولی مار دی، جب وہ فجر کی اذان دے رہے تھے۔اپنے ایک بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ کے بارے میں سْن کر مجھے صدمہ پہنچا ہے۔ میں حیران ہوں کہ قاتل کس قدر سنگ دل رہے ہوں گے کہ اْنہوں نے ایک ریٹائرڈ پولیس افسر کو مسجد کے اندر اْس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ اذان دے رہے تھے۔ یہ دہشت گردی کی ایک بدترین واردات ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ میں سیکورٹری ایجنسیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس بہیمانہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد پکڑا جائے تاکہ اْنہیں اْن کے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ میں اللہ تعالیٰ سے دست بہ دْعا ہوں کہ محمد شفیع میر صاحب کو جوار رحمت میں جگہ دے اور اْن کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ میں مقتول کے اہل خانہ سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت اور اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘