یواین آئی
نئی دہلیمرکز کے خلاف دھرنے پر بیٹھے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو حمایت دینے کے لئے اتوار کے روز علاقائی پارٹیوں کے لیڈروں کی دہلی آمد پر کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی سے ملاقات کی اور 2019 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے کے لئے متحدہ اپوزیشن کی اہمیت پر زور دیا۔ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) صدر سونیا گاندھی کے سیاسی معتمد خیال کئے جانے والے مسٹر پٹیل نے راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے ہونے والے انتخاب کے تناظر میں محترمہ بنرجی سے ملاقات کی۔پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بی جے پی 69 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے اور اب وہ ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر اپنے امیدوار کی جیت کے لئے سرگرم بھی ہے ۔ موجودہ ڈپٹی چیئرمین کانگریس کے پی جے کورین سبکدوش ہونے والے ہیں۔ بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری محاذ کی اتحادی اے آئی ڈی ایم کے کے 13 ارکان کو ملا کر بی جے پی کے حق میں 105 اراکین آسکتے ہیں، لیکن اس کے باوجود جیت کے لئے اس کو 10-12 ووٹوں کی ضرورت پڑے گی۔دوسری طرف کچھ غیر کانگریسی پارٹیاں ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے اپنے امیدوار کھڑے کرنے کی خواہاں ہیں اور اس کی شروعات مودی حکومت کے خلاف محاذ کھولنے والے مسٹر بیجو پٹنائک کے بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے کی ہے ۔ راجیہ سبھا میں بیجو جنتا دل کے 9 رکن ہیں۔خیال رہے کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیئے جانے سمیت دیگر مسائل پر عام آدمی پارٹی ( اے اے پی) کے حق میں ترنمول کانگریس، تیلگو دیشم پارٹی، جنتا دل (سیکولر) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اپنی حمایت ظاہر کی ہے ۔ اس کے برعکس کانگریس نے عام آدمی پارٹی کی تحریک کو اروند کجریوال کی ڈرامے بازی قرار دیتے ہوئے ان سے (مسٹر کیجریوال سے ) مرکز کے خلاف اس طرح کے ٹکرا¶ کے راستے سے باز آنے کی اپیل کی ہے ۔