’ سونم وانگچک کا احتجاج حق بجانب ہے‘

0
63

بھوک ہڑتال پر بیٹھے معروف ماہر تعلیم کے ساتھ معروف اداکار پرکاش راج کی ملاقات
یواین آئی

سری نگر؍؍معروف ادا کار پرکاش راج نے منگل کے روز بھوک ہڑتال پر بیٹھے ماہر تعلیم سونم وانگچک کے ساتھ ملاقات کی اور اپنی 59 سالگرہ منائی۔بتادیں کہ لداخ کو ریاست کا درجہ دینے ، چھٹے شیڈول کو لاگو کرنے اور ماحولیات کو لاحق خطرات سے تحفظ فراہم کرنے کی خاطر سونم وانگچک گزشتہ بیس روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق معروف اداکار پرکاش راج نے منگل کے روز لہیہ جا کر وہاں بھوک ہڑتال پر بیٹھے سونم وانگچک کے ساتھ ملاقات کی۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران پرکاش راج نے کہاکہ سونم وانگچک کا احتجاج حق بجانب ہے۔انہوں نے کہاکہ سونم وانگچک پچھلے بیس دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہے ، وہ یہ صرف لداخ کے لئے نہیں پورے ملک کے لئے کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق سونم وانگچک ماہر تعلیم ہے اور سیاست کے ساتھ ان کی کوئی وابستگی نہیں لیکن اس کے باوجود وہ ماحولیات کوبچانے کی خاطر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں سونم وانگچک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ وہ ایک اہم کاز کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔معروف اداکار نے کہاکہ ہمالیائی پہاڑیوں اور گلیشئروں کو خطرات لاحق ہے جس پر سب کو صدائے احتجاج بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
پرکاش راج نے ملک کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وانگچک کی کوششوں میں شامل ہو کر ماحولیات کو بچانے کی خاطر آگے آئیں۔واضح رہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سونم وانگچک نے لداخ کو سٹیٹ ہڈکا درجہ دینے، چھٹے شیڈول کو لاگو کرنے اور ماحولیات کو بچانے کی خاطر بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا