ممبئی، // سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال آج شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ان دونوں نے آج 23 جون 2024 کو کورٹ میرج کی ۔ کورٹ میرج کے بعد انہوں نے اپنی شادی کا اعلان کیا۔
سوناکشی اور ظہیر نے اپنے قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد کی موجودگی میں رجسٹرڈ شادی کی اور رجسٹرڈ شادی کے بعد سوناکشی سنہا اور ظہیر شام دیر گئے ریسٹورنٹ بیسشن میں ایک استقبالیہ کی میزبانی کر رہے ہیں، جس میں تقریباً ایک ہزار مہمان شرکت کریں گے۔ ڈی جے گنیش اپنی پلے لسٹ کے ساتھ پارٹی میں دھوم مچائیں گے۔ اگلے دن صبح تک جاری رہنے والی اس پارٹی میں کئی مشہور شخصیات شرکت کریں گی۔
شادی سے پہلے سوناکشی سنہا نے والدہ پونم سنہا اور والد شتروگھن سنہا کے ساتھ اپنے گھر میں پوجا کی۔ سوناکشی کے کچھ قریبی دوستوں نے بھی پوجا کے پروگرام میں شرکت کی۔تقریب کے فوراً بعد انہوں نے ایک ساتھ انسٹاگرام پر یادگار لمحات کی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔ اس کے علاوہ حال ہی میں سوناکشی نے مہندی کی تقریب کا بھی اہتمام کیا تھا، جس کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کئی سالوں سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے، حالانکہ دونوں نے کبھی کھل کر ڈیٹنگ کی خبروں پر بات نہیں کی تھی۔
سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے انسٹاگرام پر مشترکہ بیان میں لکھا کہ 23 جون 2017 کو ہم نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں پیار دیکھا اور اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ سوناکشی سنہا شادی کے موقع پر کریم رنگ کی خوبصورت ساڑھی میں نظر آئیں جبکہ سادہ جیولری کے ساتھ بالوں میں سفید پھول لگایا ہوا ہے۔ جبکہ ظہیر سفید رنگ کے کرتا پاجامہ میں نظر آ رہے ہیں۔