ڈاکٹر مکھرجی کی قربانیوں سے ہی جموں و کشمیر ملک کے باقی حصوں کے ساتھ مکمل طور پر ضم ہوا:رویندر رینا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے بلیدان دیوس کی یاد میں جموں و کشمیر بھر میں مختلف پروگرام منعقد کرکے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پرجموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے پارٹی کے جنرل سکریٹریز ایڈ وکیٹ وبودھ گپتا اور ڈاکٹر دیویندر کمار منیال کے ساتھ ان کے مجسمے اور پھر بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں عظیم نظریہ ساز کو خراج عقیدت پیش کیاجہاں بھاجپا کارکنان اور لیڈران نے شرکت کی۔
وہیںاشوک کول، جنرل سکریٹری (تنظیم) نے ڈاکٹر مکھرجی کو پولنگ بوتھ نمبر 56، 58، بابا دھنسر منڈل ریاسی میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے ساتھ بی جے پی سکریٹری اروند گپتا، ضلع صدر روہت دوبے، سابق ایم ایل اے بلدیو راج شرما، ششی گپتا، شیو شرما، رمیش کمار اور دیگر موجود تھے۔دریں اثناء رویندر رینا نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے اجازت نامے کے نظام کو ختم کرنے کے لیے تحریک چلاتے ہوئے اپنی جان قربان کی جس کے تحت ریاست سے نکلنے یا داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو اجازت نامہ لینا پڑتا تھا، ایسا رواج جو ملک کی کسی دوسری ریاست میں موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کی قربانیوں سے ہی جموں و کشمیر ملک کے باقی حصوں کے ساتھ مکمل طور پر ضم ہوا ہے اور اسے قومی مفاد کے لیے ایک عظیم قدم سمجھا جاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
اس موقع پراشوک کول نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی بنیاد ڈاکٹر مکھرجی اور پنڈت دین دیال اپادھیائے کے وژن پر رکھی گئی ہے جو پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکھرجی جیسا شخص کبھی بھی اپنی ذاتی خوشیوں کے بارے میں نہیں سوچتا اور اپنی پوری زندگی ایک پائیدار کائنات کے لیے کام کرتا ہے۔وہیںوبودھ گپتا نے کہا کہ مکھرجی جیسا شخص بہت کم ملتا ہے اور جہاں تک بی جے پی کا تعلق ہے ان کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے، ڈاکٹر مکھرجی پورے بی جے پی کیڈر کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔