نئی دہلی 18 اگست (یو این آئی)سندیپ پاٹل ایک ہندوستانی سابق کرکٹر ہیں۔ وہ ایک طاقتور مڈل آرڈر بلے باز تھے۔انہیں اپنے وقت کا سب سے اسٹائلش کرکٹر کہا جاتا تھا۔پاٹل اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانے جاتے تھے۔ وہ 1980 کی دہائی کے اوائل میں ہندوستانی مڈل آرڈر کا ایک اہم حصہ تھے۔ اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں پاٹل نہ صرف ایک بلے باز تھے بلکہ ایک درمیانے تیز گیند باز بھی تھے ۔سندیپ پاٹل کا کھیلنے کا طریقہ پرامن رہا، جب بھی ٹیم کو بحران میں دیکھا تو انہوں نے اپنے جارحانہ بلے بازی سے ٹیم کا بھر پور ساتھ دیا۔پاٹل ایک مضبوط ارادہ رکھنے والا اور پرعزم شخصیت کے مالک ہیں۔سندیپ پاٹل ایک حساس اور جذباتی شخص ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق مڈل آرڈر دھماکہ خیز بلے باز سندیپ پاٹل 18 اگست 1956 میں مہاراشٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کی پرورش بمبئی کے شیواجی پارک علاقے میں ہوئی۔ بال موہن ودیامندر اور رام نارائن رویا کالج میں تعلیم حاصل کی۔ ان کا پورا نام سندیپ مدھوسودن پاٹل ہے۔ سندیپ کو کرکٹ ورثے میں ملی۔مدھوسودن پاٹل، سندیپ پاٹل کے والد، جو ٹیم انڈیا کے سلیکٹر تھے، فرسٹ کلاس کرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ قومی سطح کے بیڈمنٹن کھلاڑی بھی رہ چکے ہیں۔ اس سابق دائیں ہاتھ کے بلے باز نے میلبورن میں اپنے گھر پر آسٹریلیا کے خلاف اپنے پہلے ون ڈے میں 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سندیپ 1983 میں عالمی چیمپئن ٹیم کا حصہ تھے۔
انہوں نے اپنے والد مدھوسودن پاٹل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بہت چھوٹی عمر میں ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دی جو ایک سابق فرسٹ کلاس کرکٹر تھے۔ بمبئی یونیورسٹی میں تین کامیاب برسوں کے بعد، سندیپ پاٹل نے 1975-76 میں ممبئی کے ساتھ رنجی کی شروعات کی۔ تاہم، وہ اس وقت تک ٹیم میں مستقل کھلاڑی کی حیثیت نہیں رکھتے تھے جب تک کہ انھوں نے 1979 میں دہلی کے خلاف رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں 145 رنز کی جادوئی اننگز نہیں بنائی۔ 1979-80 میں دورہ کرنے والی آسٹریلیائی اور پاکستانی ٹیموں کے خلاف ویسٹ زون کے لیے بہترین کارکردگی ان کی شراکت کے باعث انہیں قومی ٹیم میں شامل کیا گیا اور 15 جنوری 1980 کو چنئی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔