یواین آئی
انچیون؍؍عالمی چیمپئن ہندستان کی پی وی سندھو کے لئے بدھ کوکوریا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کی شروعات نہایت خراب رہی جہاں وہ خواتین سنگلز کے پہلے ہی راونڈ میں شکست کھاکر باہر ہوگئیں۔ حالانکہ مرد کھلاڑی پروپلی کشیپ نے جت سے کھاتہ کھول کر دوسرے راونڈ میں داخلہ حاصل کرلیا۔پانچویں سیڈ سندھو کو غیرسیڈیڈ امریکہ کے بیی وین جھانگ سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا جہاں وہ 21-7, 22-24, 15-21سے 56منٹ کی جدوجہد میں مقابلہ گنوا بیٹھیں۔دنیا میں پانچویں نمبر کی ہندستانی کھلاڑی نے حالانکہ اس سے پہلے تک کیریر کے مجموعی آٹھ مقابلوں میں جھنگ کو پانچ بار شکست دی ہے لیکن گیارہویں رینک امریکی کھلاڑی نے اس جیت کے بعد اپنے ریکارڈمیں بہتری لاتے ہوئے 4-5کرلیا ہے ۔مردوں کے سنگلز کے پہلے دور میں کشیپ نے چینی تائپے کے مخالف کھلاڑی لو چیا ہنگ کے چیلنج کو 42منٹ میں پار کرتے ہوئے 21-16, 21-16 سے جیت اپنے نام کرلی۔ دنیا میں 30ویں رینکنگ کے کشیپ کی 61ویں رینک ہنگ کے خلاف یہ کیریر کا پہلا مقابلہ تھا۔ کشیپ اب دوسرے دور میں ملائشیا میں لیوڈیر ن سے مقابلہ کریں گے ۔مردوں کے سنگلز میں حالانکہ دیگر ہندستانی بی سائی پرنیت کا نتیجہ بھی سندھو کی طرح رہا اور وہ بھی پہلے دور میں ہی باہر ہوگئے ۔ انہیں پانچویں سیڈ ڈنمارک کے اینڈرس اینٹونسین کے خلاف میچ کے بیچ میں ہی ریٹائر ہونا پڑا۔ پرنیت پہلا گیم 9-21سے شکست کھانے کے بعد دوسرے گیم میں 7-11سے پچھڑ گئے تھے جب انہوں نے چوٹ کی وجہ سے میچ چھوڑ دیا۔مردوں کے سنگلز میں بھی ہندستان کے ہاتھ مایوسی لگی جہاں منو اتری اور بی سمت ریڈی کی جوڑی کو چین کے ہوانگ شیانگ اور لیو چینگ کی جوڑی نے پچاس منٹ تک چلے مقابلہ میں 21-16, 19-21, 21-18سے شکست دیکر پہلے ہی راونڈ میں باہر کردیا۔اس برس عالمی چیمپئن بنیں ہندستان کی اسٹار شٹلر سندھو کے لئے یہ مسلسل دوسرا ہفتہ ہے جب انہیں کسی ٹورنامنٹ کے شروعاتی راونڈ سے باہر ہونا پڑا ہے ۔ گزشتہ ہفتہ وہ چائنا اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں باہر ہوگئی تھیں۔ سندھو نے باسیل میں عالمی چیمپئن شپ کے دوران بھی جھانگ کو شکست دی تھی لیکن اس بار وہ پہلے ہی راونڈ میں ان کا چیلنج پار نہیں کرسکیں۔کوریا اوپن سے ٹھیک پہلے اپنی کوریائی کوچ کے استعفی سے مایوس پانچویں سیڈ سندھو نے حالانکہ امریکی کھلاڑی کے خلاف بہترین شروعات کرتے ہوئے پہلا گیم 21-7سے یکطرفہ انداز میں جیتا تھا لیکن دوسرے گیم میں میچ پوائنٹ کے باوجود سندھو 22-24سے گنوا بیٹھیں۔ تیسرے گیم میں بھی دونوں کے مابین میچ اتنا سخت رہا کہ سندھو صرف مسلسل دو ہی پوائنٹ لے سکیں اور 9-9کی برابری کے بعد جھانگ ان سے سبقت پر ہی رہیں۔ جھانگ نے گیم میں 36میں سے 21پوائنٹ جیتے جبکہ ہندستانی کھلاڑی 15پوائنٹ ہی لے سکیں۔