بجلی کٹ جانے سے ہزاروں غریبوں کے گھروں میں اندھیراہوگیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ ڈوگرہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر امیت کپور نے جموں میں ہزاروں غریبوں کی بجلی کی کٹوتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمارٹ میٹر کے نام پر جموں کے غریب عوام کے ساتھ ایک بڑا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بابو لوگ آئندہ انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے خلاف لوگوں میں غصہ پیدا کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش سے دس ہزار سے زائد لوگوں کے گھروں میں اندھیرا پھیل گیا ہے اور اس سے بچوں کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے جموں میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل کانگریس کے پسندیدہ بابو اقتدار کے گلیاروں میں بیٹھے لوگوں کو بی جے پی کے خلاف بھڑکانے کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں لوگوں کے فون آ رہے ہیں کہ ان کی لائٹ منقطع ہو گئی ہے، تو کیا ریاست کے ہر علاقے میں کارکنان رکھنے والی کانگریس کو کوئی کال نہیں آئی ہو گی؟ امیت کپور نے کہا کہ اگر دہلی اور دیگر ریاستوں کی حکومتیں لوگوں کو 300 سے 500 یونٹ مفت دے سکتی ہیں تو جموں و کشمیر حکومت ایسا کیوں نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہاکہہماری ریاست میں بجلی پیدا ہوتی ہے، اس لیے بجلی پر پہلا حق جموں و کشمیر کے لوگوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی مفت بجلی دی جانی چاہئے۔ امیت کپور نے ایل جی منوج سنہا پر زور دیا ہے کہ وہ تمام غریبوں کو بجلی بحال کرنے کے لیے افسران کو ہدایات جاری کریں۔