پولیس چیف کی سربراہی میں جموں میں اعلیٰ سطحی میٹنگ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر پولیس چیف دلبا غ سنگھ کی سربراہی میں جموں میں منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی پی نے اس موقع پر پولیس آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کریں۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سپیشل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سیون، سپیشل ڈی جی کرائم اے کے چودھری کے علاوہ اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے آغاز میں پولیس سربراہ نے آفیسران پر بہتر پولیسنگ پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے بتایا کہ سال 2022میں غیر معمولی اقدامات کی وجہ سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہوئے۔انہوں نے مزید کہاکہ کچھ شعبوں کے لئے ہمیں موجودہ سال میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے مزید عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی جی پی نے این ڈی پی ایس کیسز کو نپٹانے کی خاطر بہتر نتائج حاصل کرنے پر آفیسران کی سراہنا کی۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تفتیش اور استغاثہ کے معیار کو بہتر بنائیں تاکہ جرائم کے تمام مقدمات بالخصوص یو اے پی اے اور خصوصی جرائم کے مقدمات میں سزاوں کو بڑھایا جاسکے۔ڈی جی پی نے این ڈی پی ایس /یو اے پی اے اور گھناونے جرائم کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے زونل اور رینج کی سطح پر باقاعدہ نگرانی کی خاطریومیہ میٹنگوں پر زور دیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خصوصی معاملات سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران قومی شاہرائوں اور بین ضلعی سڑکوں پر مزید چیکنگ اور ناکہ پوائنٹس کو بڑھانے پر زوردیا تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔