یواین آئی
نئی دہلی؍؍راجستھان کی ایک عدالت کی طرف سے آسارام کو ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی استحصال کے معاملے میں عمر قیدکی سزا دئے جانے کے بعد کانگریس نے آسارام کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کا ایک پرانا ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ‘شخص کی پہچان’ اس کے آس پاس رہنے والے لوگوں سے ہوتی ہے ۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹر پیج پر 47سیکنڈ کا ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے ۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے ”کسی شخص کی پہچان اس کے آس پاس رہنے والے لوگوں سے ہوتی ہے ۔” ویڈیو میں مسٹر مودی کھڑے ہوکر اونچی نشست پر بیٹھے آسارام سے ہاتھ جوڑ کر آشیرواد لے رہے ہیں۔ ویڈیو میں مسٹر مودی پھولوں کا ہار پہنے ہیں اور آسارام ان کے بغل میں کھڑے ہیں۔ یہ ویڈیو آسارا م کے کسی ست سنگ کا ہے ۔ آسارام کے عقیدت مندوں سے کھچا کھچ بھرے پنڈال کے اس ویڈیو کے نیچے لکھا ہے ۔’آسا رام بابو مہاراج یہ کیسا انوکھا سنگم ہے ۔ مذہبی اقتدار اور سیاسی اقتدار جب ملتے ہیں تو عوام کا بیڑا پار ہوجاتا ہے ۔ میں ہمیشہ سے کہتا تھا کہ آج مجھے میرا شیو مل گیا۔” خیال رہے کہ راجستھان میں جودھپور کی ایک عدالت نے گرو کل کی نابالغ لڑکی سے جنسی استحصال کے الزام میں آسارام کو عمر قید اور اس کے دو سیواداروں شلپی اور شرد کو بیس بیس سال کی سزا سنائی ہے ۔