جے پور 11 اگست (یو این آئی) سابق وزیر خارجہ کنور نٹور سنگھ طویل علالت کے بعد ہفتہ کی دیر رات انتقال کرگئے۔
ان کی عمر تقریباً 95 برس تھی۔ انہوں نے گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں آخری سانس لی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر مودی نے ٹویٹر پر کہا کہ انہیں مسٹر نٹور سنگھ کے انتقال سے دکھ ہوا۔ انہوں نے سفارت کاری اور خارجہ پالیسی کی دنیا میں بھرپور کردار ادا کیا۔
وزیر اعلی بھجن لال شرما نے بھی مسٹر نٹور سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ، مرکزی حکومت میں سابق وزیر خارجہ، نٹور سنگھ کے انتقال کی خبر انتہائی اندوہناک ہے۔
اسی طرح سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت سمیت ریاست کے متعدد لیڈروں نے مسٹر سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ نٹور سنگھ 2004 میں متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت میں وزیر خارجہ تھے۔ انہوں نے 1953 میں فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ طویل خدمت کے بعد 1984 میں ملازمت سے استعفیٰ دے کر کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے تھے اور راجستھان کے بھرت پور سے لوک سبھا کا الیکشن لڑ کر رکن پارلیمنٹ بن گئے۔ انہیں 1986 میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ بنایا گیا تھا۔
مسٹر نٹور سنگھ 1998 میں بھرت پور سے دوبارہ ایم پی منتخب ہوئے۔ اس کے بعد وہ سال 2002 میں راجیہ سبھا کے ایم پی بنے۔
انہیں 1984 میں پدم بھوشن سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے کئی کتابیں اور یادداشتیں تحریر کیں۔ جن میں سے ان کی سوانح عمری ‘One Life is Not Enough’ مقبول ہوئی۔