عدالت نے مچیل یاترا کے لیے ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍سیول سبارڈینیٹ جج سینئر ڈویژن کشتواڑ نے پرتھوی راج بنام آرین ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے عنوان سے ایک کیس میں ایک حکم جاری کیا ہے جس کے تحت نجی ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں آرین ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ اور ہمالیان ہیلی سروسز کو زمیندار پرتھوی راج کی زمین میں کسی بھی طرح سے استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ ڈویژنل کمشنر جموں جو مچل ماتا یاترا مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ہیں، ڈیٹی کمشنر کشتواڑ وائس چیئرمین مچیل یاترا مینجمنٹ کمیٹی اور اے ڈی سی کشتواڑ ایگزیکٹو آفیسر مچیل ماتا یاترا مینجمنٹ کمیٹی کو نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ اگلی تاریخ یعنی یکم اگست2023مقرر کی گئی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک پرتھوی راج نامی زمیندار خسرہ نمبر 57 مچیل پاڈر میں 6 کنال 2 مرلہ، نے اپنے وکیل شیخ ناصر حسین کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا اور استدعا کی کہ پرائیویٹ ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں جنہیں مچیل یاترا 2023 کا ٹھیکہ دیا گیا ہے وہ ان کی مرضی کے بغیر ان کی زمین کو زبردستی ہیلیپیڈ کے طور پر استعمال کر رہی ہیں اور معاوضہ یا کرایہ کے طور پر کچھ ادا کیے بغیر جبکہ یہ کمپنیاں مسافروں / یاتریوں سے بھاری رقومات وصول کر رہی ہیں۔ عدالت نے مدعی کے وکیل کا موقف سننے کے بعد حکم امتناعی جاری کر دیا۔