اپنی پارٹی شمالی کشمیر کی بارہ مولہ نشست پر سجاد غنی لون کی مکمل حمایت کرئے گی :الطاف بخاری
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے شمالی کشمیر کی بارہمولہ لوک سبھا سیٹ پر پیپلز کانفرنس کے صدر اور امیدوار سجاد غنی لون کو مکمل حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا نام لئے بغیر الطاف بخاری نے کہاکہ روایتی سیاستدانوں کو اب سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنی چاہئے۔
اپنی پارٹی کے سربراہ نے مزید کہاکہ ہمارا مقدر ہندوستان کے ساتھ لکھا گیا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کا قیام 5اگست 2019کے بعد عمل میں آیا تاکہ لوگوں کے جائز مسائل کو حل کرنے کی راہ ہموارہو سکے۔
الطاف بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی نے ہی زمینوں کا تحفظ اور مقامی نوجوانوں کو ہی نوکریاں دینے کے حوالے سے آواز بلند کی اور وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور بعدازاں مرکزی حکومت نے اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کی۔ان کے مطابق اپنی پارٹی نے ہی نوکریاں اور زمینوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر جدوجہد کی۔الطاف بخاری کا مزید کہنا تھاکہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ،روایتی سیاستدانوں نے پانچ برسوں کے دوران منفی رول ادا کیا اور یہاں کے عوام انہیں کھبی معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پانچ اگست 2019کو دفعہ 370کی منسوخی کے بعد کشمیر کے پانچ ممبران پارلیمان کو استعفیٰ دینا چاہئے تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔شمالی کشمیر کی بارہ مولہ نشست پر سجاد لون کی جماعت پیپلز کانفرنس کو حمایت دینے کا اعلان کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی سجاد لون کی بھر پور حمایت کرئے گی۔
الطاف بکاری نے کہا:’دیگر سیٹوں پر بھی پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی ساتھ ساتھ ہیں۔ان کے مطابق ہمارا مشن سٹیٹ ہڈ کی بحالی اور دیگر اہم مسائل کو حل کرنا ہے جس کے لئے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔الطاف بخاری نے روایتی سیاستدانوں کو ریٹائر ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو گمراہ کرنے والوں کے لئے اب کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا مقدر ہندوستان کے ساتھ سال 1947میں لکھا گیا ہے۔اپنی پارٹی کے سربراہ نے کہاکہ زخم بھی دہلی نے دئے اور مرہم بھی ان ہی کو کرنا ہے۔الطاف بخاری نے امید ظاہر کی کہ پارلیمانی چناو کے دوران لوگ اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ابھی بھی جیلوں میں کشمیر کے نوجوان مقید ہیں جنہیں رہا کروانا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔