قومی تقریب کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے وسیع انتظامات کریں:بابیلا رکوال
لازوال ڈیسک
ریاسی؍؍یوم جمہوریہ 2023 کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے یہاں منی سکریٹریٹ میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ریاسی بابیلا رکوال کی صدارت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔اجلاس کے دوران ڈی سی نے مختلف محکموں کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا جن میں سیکیورٹی، بیٹھنے، کار پارکنگ، ٹرانسپورٹیشن، عمارتوں کی روشنی، ریفریشمنٹ، روڈ کلیئرنس وغیرہ شامل ہیں۔ڈی سی ریاسی نے تمام محکموں سے کہا کہ وہ قومی تقریب کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے وسیع انتظامات کریں۔اس بات کو حتمی شکل دی گئی کہ مرکزی تقریب زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں قومی پرچم کو مہمان خصوصی کے ذریعہ لہرایا جائے گا جس کے بعد جے کے پی، سی آر پی ایف، این سی سی کے دستے اور کالجز/سکول کے بچوں پر مشتمل پریڈ ہوگی۔قومی دن کی تقریبات کا آغاز ضلع انفارمیشن سنٹر ریاسی کے زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم میں ‘شہنائی ودن’ بجانے سے ہوگا۔بیٹھنے کے انتظامات، بیریکیڈنگ، سیکورٹی، ٹریفک ریگولیشن، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، ابتدائی طبی امداد، پی اے ایس، فائر ٹینڈرز سمیت دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی سی نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ تقریب کے دن بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے علاوہ بیریکیڈنگ، بیٹھنے اور پینے کے پانی کی فراہمی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں اے ڈی ڈی سی، اے ڈی سی، سی پی او، اے سی آر، اے سی ڈی، سی ای او اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہیں۔