ممبئی، 14 اگست (یو این آئی) بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے 15ویں انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن 2024 سے قبل آسٹریلیائی پارلیمنٹ میں لیجنڈ فلمساز آنجہانی یش چوپڑا کے اعزاز میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔
13 اگست کو15ویں انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن 2024 کے انعقاد سے پہلے ایک شاندار تقریب آسٹریلیا کے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی، جس میں رانی مکھرجی نے فلمساز آنجہانی یش چوپڑا کے اعزاز میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔
رانی مکھرجی نے اپنی خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایک اہم موقع کا حصہ بن کر وہ واقعی فخر محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ نہ صرف یش چوپڑا اور وائی آرایف کی پوری دنیا میں پاپ کلچر کو تشکیل دینے کی امیر اور بااثر 50 سالہ میراث کا جشن ہے، بلکہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کا بھی جشن ہے، جس نے سینما کی طاقت کے ذریعہ لاتعداد لوگوں کوتفریح فراہم کی ہے۔ مجھے اس فیسٹول کو سال بہ سال مضبوط ہوتے ہوئے اور ہندوستان و آسٹریلیا کے بہترین تخلیقی ذہنوں کو جوڑنے والے پل کے طور پر کام کرتے ہوئے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔
میلبورن کے انڈین فلم فیسٹیول سے قبل منعقد ہونے والی اس خصوصی تقریب میں رانی مکھرجی کے ساتھ کرن جوہر بھی موجود تھے جنہوں نے آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں تقریر کی۔ یہ فلم فیسٹیول 15 اگست سے شروع ہو کر 25 اگست تک جاری رہے گا۔