وزیر قانون کی پالیسی کے خلاف راجوری بار کا کام چھوڑ ہڑتال
عمرارشدملک
راجوری بار ایسوسی ایشن راجوری نے پر یس کلب راجوری میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے ضلع عدالت میں وکلاءکی پریشانیوں اور مشکلات پر روشنی ڈالی ۔ تفصیلات کے مطابق بار ایسوسی ایشن راجوری نے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی مشکلات کو سامنے رکھا اور اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بار صدر ایڈوکیٹ حق نواز مرزا نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن عدالت راجوری میں عرصہ دراز سے ایڈیشنل پی پی کی تعیناتی کو لیکر رسہ کشی کا ماحول بناہوا ہے جس وجہ سے عدالتی کام کاج متاثر ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ قانون نے ایڈوکیٹ اشفاق بخاری کو جون 2017میں بطور ایڈیشنل پی پی تعینات کیا تھا جبکہ ستمبر 2017میں تعیناتی منسوخ کردی اس کے بعد یہ سلسلہ جاری رہا تعیناتی ہوتی رہے اور منسوخی کا آرڈر بھی ساتھ ساتھ رہا اور اب ایک بار پھر سے محکمہ قانون نے 18اپریل کو ایڈوکیٹ اشفاق بخاری کی تعیناتی بطور ایڈیشنل پی پی کے طور پر کی وہیں 24گھنٹے کے اندر ہی ایک بار پھر سے تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا ۔ بار صدر راجوری نے بتایا کہ ایک سال سے ایڈیشنل پی پی کی تعیناتی اور منسوخی ساتھ ساتھ ہورہی ہے جس وجہ سے ایڈیشنل سیشن عدالت میں کام کاج متاثر ہوگیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ 3دن سے وہ ہڑتال پر ہیں اور اب دو دن تک کام چھوڑ ہڑتال رہے گی کیونکہ محکمہ قانون کے وزیر نے عدالتی کام کاج کو متاثر کردیا ہے ،ایک سال سے ایڈیشنل پی پی کی عارضی تعیناتی کی جاتی رہی ہے اور پھر جلد ہی تعیناتی کو منسوخ کردیا جاتا ہے جس کے بعد وکلاءنے مشترکہ طور پر فیصلہ لیا ہے کہ وزیر قانون کی پالیسوں کے خلاف کام چھوڑ ہڑتا ل رہے گی ۔ ایڈوکیٹ حق نواز نے ریاستی حکومت کو سخت الفاظ میں کہا کہ فوری طور پر ایڈیشنل پی پی کے مسلئے کامستقل حل کیا جائے اور ایڈیشنل پی پی بھی مستقل ہونا چاہیے کیونکہ ہر بار ذاتی مفاد کے چکر میں ایڈیشنل پی پی کو تبدیل کیا جاتا ہے جس وجہ سے عدالتی کام میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں ۔ وہیں اس موقع پر بار ممبران ایڈوکیٹ شوکت علی ، ایڈوکیٹ آصف اقبال،ایڈکیٹ رکیش شرما، ایڈوکیٹ محمد فاروق ، ایڈوکیٹ ذلفقار احمد ، ایڈوکیٹ شاہ نواز مرزا، ایڈوکیٹ معمود نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور مستقل پی پی کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ۔