سری نگر، 15 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک کے جموں وکشمیر میں دہشت گردی کو دوبارہ زندہ کرنے کے عزائم کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ جموں کے لوگوں کو جموں خطے سے دہشت گردی کے صفایا کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی مدد کرنی چاہئے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ملک کی 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے خطاب سے قبل قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔
ان کا خطاب میں کہنا تھا: ‘پڑوسی ملک کی طرف سے جموں وکشمیر میں دہشت گردی کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم پڑوسی ملک کے جموں وکشمیر میں دہشت گردی زندہ کرنے کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘میں جموں کے لوگوں سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ خطے سے دہشت گردی کے صفایا کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی مدد کریں’۔
منوج سنہا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز جموں وکشمیر کی سرزمین سے دہشت گردی اور اس کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
جموں وکشمیر پولیس کو بہادری کے متعدد تمغے حاصل کرنے پر سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس پیشہ ورانہ انداز میں کئی محاذوں پر کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران یونین ٹریٹری کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔
انہوں نے کہا: ‘بقیہ طبقے جن کو گذشتہ سات دہائیوں سے محروم رکھا گیا تھا ان کو تسلیم کیا گیا، آج ایس سی، ایس ٹی، او بی سی، والمیکی، پاکستان زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ڈبلیو پی آر مکمل ووٹنگ حقوق کے ساتھ با وقار زندگی گذار رہے ہیں’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سری نگر میں مئی 2023 میں منعقدہ جی ٹونٹی میٹنگ کے بعد جموں وکشمیر میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا: ‘سال گذشتہ 2.11 کروڑ سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی جبکہ امسال 30 جون تک ایک کروڑ سے زیادہ سیاح جموں و کشمیر آئے ہیں’۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال رواں کے اختتام تک ریکارڈ تعداد میں سیاح جموں وکشمیر کے سیر سے لطف اندوز ہوں گے۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ اس سال پہلی بار شری امرناتھ پوتر گھپا اور گریز کو پاور گرڈ سے جوڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سال رواں کے آخر تک جموں وکشمیر صنعتی پالیسی کی تجدید کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے مرکزی حکومت سے صنعتی پالیسی کو مزید صنعت دوست بنانے کی اپیل کی ہے اور نئی پالیسی میں مزید خصوصیات کو شامل کیا جائے گا’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سال 2019 میں جموں وکشمیر بینک خسارے میں تھا لیکن بھر پور کوششوں کے بعد آج یہ ایک منفعت بخش ادارہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ بینک چند افراد تک محدود نہیں ہے بلکہ آج یہ لوگوں کا بینک ہے۔