وجے پور میٹنگ میں ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا
لازوال ڈیسک
وجے پور؍؍اپنی پارٹی کے صوبائی صدر جموں اور سابق وزیر ایس منجیت سنگھ نے وجے پور میںمنعقدہ ایک میٹنگ میںکہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوری نظام کی بحالی دونوں خطوں میں غصے کو پرسکون کرنے کے لیے ضروری ہے۔ اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے یہاں وجے پور میں ایس منجیت سنگھ کی قیادت میں ایک ماہانہ میٹنگ میں حصہ لیا جس میں جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جس نے عام زندگی کو متاثر کیا ہے۔وہیںسابق وزیر منجیت سنگھ نے کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا اعلان نہیں کر سکا ہے اور دوسری طرف وہ ہر ریاست میں کامیابی سے انتخابات کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ اگر الیکشن کمیشن جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں میٹنگیں کر سکتا ہے، تو انہیں جموں و کشمیر کی اسمبلی کے انتخابات کرانے سے کیا روک رہا ہے۔سنگھ نے کہاکہ لوگوں میں عدم اطمینان کا احساس ہے کیونکہ حکام عوام کی خواہشات کے مطابق کام کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں کو لگتا ہے کہ باہر کے لوگ ان سے روزگار اور وسائل چھین لیں گے اور اس سے صورتحال مزید خراب ہو جائے گی کیونکہ حکام ٹھیکوں میں باہر کے لوگوں کی حمایت کر رہے ہیں اور مختلف قسم کے کاموں میں مافیا کا عمل دخل بڑھ گیا ہے۔