یو این آئی
بھونیشور// فیصل ساری کے فیصلہ کن گول کی بدولت ملیشیا نے ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں جمعرات کو پول سی کے ایک دلچسپ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دی۔ کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا کی جانب سے فیصل ساری (8ویں، 56ویں منٹ) نے دو جبکہ رضی رحیم (42ویں منٹ) نے گول کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیڈن فلپس (51ویں) اور سیم لین (52ویں) نے گول کئے۔ نیوزی لینڈ نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کرتے ہوئے دوسرے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا تاہم ملیشیا نے آٹھویں منٹ میں فیصل کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ ملیشیا نے ابتدائی برتری حاصل کرنے کے بعد گیند کو اپنے قبضے میں رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔ ملیشیا کو دوسرے کوارٹر میں دو پنالٹی کارنر بھی ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔ ہاف ٹائم کے بعد بھی ملیشیا نے گیند کو اپنے قبضے میں رکھنے پر زور دیا۔ اس عمل میں، ملیشیا نے تیسرے کوارٹر میں تین پنالٹی کارنر جیتے اور چوتھے میں رحیم نے گول کر کے ایشیائی ٹیم کو برتری دلائی۔ چوتھے کوارٹر سے قبل 2-0 سے پیچھے رہنے والی نیوزی لینڈ کافی دباؤ میں تھی لیکن میچ کے 49ویں منٹ میں ملائیشیا کے اظہر کو یلو کارڈ دکھایا گیا اور انہیں پانچ منٹ کے لیے پچ چھوڑنا پڑا۔ نیوزی لینڈ نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملیشیا کے ہاف میں دو منٹ بعد ہی جگہ بنائی اور ہیڈن نے گول کرکے اسے 2-1 سے برابر کردیا۔ اگلے ہی منٹ میں نیوزی لینڈ کو پنالٹی کارنر ملا اور سیم نے اسے برابری میں بدل دیا۔ ملیشیا کی جانب سے فیصل نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو بحران سے نکالا اور مقابلہ ختم ہونے سے صرف تین منٹ پہلے انہوں نے فیلڈ گول داغ دیا۔ نیوزی لینڈ کو اگلے ہی منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا اور فیصل کا گول ملائیشیا کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ ملائیشیا پول سی میں دو جیت اور ایک ہار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ ایک جیت اور دو ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔