ہمارے شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا :سنہا
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے پی ایس آئی دیپک شرما کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوںنے فرائض کی انجام دہی کے دوران سب سے بڑی قربانی دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ میں پی ایس آئی دیپک شرما کی بہادری اور بے مثال جرأت کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے کٹھوعہ میں ایک اِنتہائی مطلوب گینگسٹر کو بہادری سے لڑتے اور بے اَثر کرتے ہوئے عظیم قربانی دی۔
اُن کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ شہید دیپک شرما کے اہل خانہ کے ساتھ دِلی اِظہارِ تعزیت کی۔قوم شہید کے اہل خانہ اور جموںوکشمیر پولیس کے ساتھ کھڑی ہے جن کی لگن، ثابت قدمی اور مختلف چیلنجوں اور مخالفین سے لڑتے ہوئے جرأت ہمیں متاثر کرتی ہے۔ ہمارے شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا اور ہم خوف سے پاک جموں و کشمیر بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔