لازوال ڈیسک
جموںجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج حلقہ انتخاب گاندھی نگر کے سینک کالونی علاقے میں بلیک ٹاپنگ کام کی شروعات کی۔اس پروجیکٹ پر 13لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی۔مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ترقیاتی سرگرمیوں جن میں موجودہ سڑکوں کی اَپ گریڈیشن اور نئی سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں میں تیز ی لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے۔سپیکر نے کہا مضبوط سڑکیں اور تمام شعبوں میں بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔جموں شہر میں سیاحوں کو راغب کرنے کے سلسلے میں دیدہ ذیبی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں سات پارکیں تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ان پارکوں میں جِم سہولیات فراہم ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں 4.5لاکھ روپے کی لاگت سے جسروٹیہ پارک تعمیر کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سینک کالونی کی سڑکوں کی مرمت کے لئے 45لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں۔اس سے قبل سپیکر نے ترکوٹا نگر ویلفیئر سوسائٹی کی سلور جوبلی سلیبریشن کی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ سپیکر نے کہا کہ علاقے میں 80لاکھ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام سرعت سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں پچھلے تین برسوں کے دوران 842 کلومیٹر لمبی سڑک میں سے 400کلومیٹر سڑک پر میکڈ م بچھایا گیا ۔