امان الحق بالاپوری
کون مالک ہے آسمانوں کا
کون خالق ہے دو جہانوں کا
پھول کس نے کھلائے ہیں بچّو
کس نے دریا بہائے ہیں بچّو
دیے کس نے گلوں کو رنگ و بو
کس کے جلوے جہاں میں ہیں ہر سو
کس کے دم سے ہوائیں چلتی ہیں
کس کے دم سے رتیں بدلتی ہیں
کس نے دی ہے شفق کو لالی سی
کس نے دی یہ گھٹائیں کالی سی
*چاند تارے یہ کہکشاں سورج*
*کس سے بزم فلک کی ہے سج دھج*
کس نے مٹّی میں جان ڈالی ہے
کس کی حکمت یہ شان والی ہے
ذرّے ذرّے میں نور کس کا ہے
سارے جگ میں ظہور کس کا ہے
*کس کے احکام ہم پہ ہیں جاری*
*کس کے تابع یہ دنیا ہے ساری*
کون پوشیدہ ہے سوالوں میں
ڈھونڈیے ذہن کے اجالوں میں