تل ابیب، //اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان کوئی اہم فرق نہیں ہے۔ نیتن یاہو نے خارجہ اور سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہا کہ حماس اور فلسطینی اتھارٹی میں فرق یہ ہے کہ حماس ہمیں فوری طور پر تباہ کرنا چاہتی ہے اور فلسطینی اتھارٹی ہمیں مرحلہ وار تباہ کرنا چاہتی ہے۔
ایک روز قبل اتوار کو نیتن یاہو نے حماس کے جنگجوؤں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا اور کہا تھا کہ غزہ میں جاری جنگ کی توسیع کے ساتھ حماس کا خاتمہ اب قریب ہے۔ جنگ ابھی جاری ہے لیکن یہ حماس کے لیے انجام کی شروعات ہے۔
العربیہ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں حماس کے "درجنوں” ارکان نے اسرائیلی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے کسی جنگجو کے ہتھیار ڈالنے کا کوئی ثبوت شائع نہیں کیا۔ حماس نے اسرائیلی وزیر اعظم کے الزامات کی یکسر تردید کردی ہے۔
نیتن یاہو کی اس کال پر تبصرہ کرتے ہوئے حماس کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا کہ تاریخ غزہ کے بارے میں ہماری فتح کو واضح طور پر لکھے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ غزہ میں قابض اسرائیل کا خاتمہ شروع ہوا ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ 7 اکتوبر سے جنگ شروع ہے۔ اسرائیلی بمباری میں غزہ کی اکثر حصہ ملیامیٹ کردیا گیا ہے۔ 18000 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔