بھوپال، 16 جنوری (یو این آئی) ’جی-20‘ کے تحت ’تھنک-20 ‘ کی دو روزہ میٹنگ آج سے مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں شروع ہوگئی۔
وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان مقامی کشابھاو ٹھاکرے انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں منعقدہ اس میٹنگ کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ میٹنگ میں ’ماحول دوست طرز زندگی، اخلاقی اقدار اور عالمی گڈ گورننس‘ کے موضوع پر ملک اور بیرون ملک سے مندوبین اور ماہرینِ مضمون غور و فکر کریں گے۔
گورنر منگو بھائی پٹیل کل اس دو روزہ اجلاس کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں 300 کے قریب مندوبین شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 94 غیر ملکی ہیں۔ ان 94 مندوبین کا تعلق 14 ممالک سے ہے۔ باقی نمائندے ملک کی مختلف ریاستوں سے ہیں۔ دو دن تک غور و خوض کے بعد جو بھی نتیجہ نکلے گا، اسے ’’بھوپال ڈکلیریشن‘‘ کا نام دیا جائے گا۔ میٹنگ میں 5 مکمل اور 10 پیریلل سیشنز ہوں گے۔
جی ٹوئنٹی یا گروپ آف ٹوئنٹی ایک بین الحکومتی فورم ہے جس میں 19 ممالک اور یورپی یونین شامل ہیں۔ یہ گروپ عالمی معیشت سے متعلق اہم امور پر جیسے بین الاقوامی مالیاتی استحکام، موسمیاتی تبدیلیوں میں تخفیف، اور پائیدار ترقی پر کام کرتا ہے۔