تحریر:اللہ نوازخان
جھوٹ بولناگناہ اور برائی ہے۔اسلام نےجھوٹ بولنے سے منع کیاہے۔جھوٹ بولنے والا وقتی فائدہ تو اٹھا لیتا ہے،لیکن پائیدار فائدہ اٹھانے سےمحروم رہتا ہے۔جھوٹ بولنے کے بہت سےنقصانات ہیں۔اللہ تعالی نے جھوٹوں پر لعنت کی ہوئی ہے۔قرآن مجید میں ہے” اللہ تعالی کی لعنت جھوٹوں پر”(العمران)اللہ تعالی سچ بولنےاور سچوں کے ساتھ ہونے کا حکم دیتے ہیں۔قرآن حکیم کی ایک آیت ہے”اے ایمان والو اللہ سے ڈرواور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ(التوبہ۔ 119)سچ بولنے کی بہت بڑے انعامات ہیں۔سچ اس دنیا میں بھی فائدہ پہنچاتا ہے اورآخرت میں بھی کام آئے گا۔قرآن حکیم میں ہے”اج وہ دن ہے کہ سچ بولنے والوں کو ان کی سچائی فائدہ دے گی”(المائدہ 119)اسلام نے سچ پر بہت ہی زور دیا ہےاور جھوٹ سےمنع کیا ہے۔جھوٹ بولنے والاصراط مستقیم سے ہٹ جاتا ہے۔اللہ تعالی کا ارشاد ہے”اللہ تعالی ان لوگوں کو راہ نہیں دکھاتے جو اسراف کرنے والے ہیں اور جھوٹے ہیں”(المومن۔ 28)قرآن کے علاوہ احادیث میں بھی سچ بولنےپر زور دیا گیا ہے۔سچ ہر حال میں بولنا چاہیے،چاہے جتناہی نقصان کیوں نہ ہو۔سچ بول کر شاید وقتی طور پر کچھ نقصان ہو جائے لیکن آنے والے وقت میں بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔جب اعلان نبوت عوام الناس کے سامنے نہیں ہوا تھا،تب بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔ارد گرد رہنے والے افراد حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو سچا اور امین سمجھتے تھے۔مشرکین مکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سخت ترین دشمن تھے لیکن ان کا یقین تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سچے ہیں۔جھوٹ بولنا خیانت کہا گیا ہے۔(ترمذی)سچ بولنا مومن کی صفت کہی گئی ہے۔ایک حدیث کے مطابق،آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے پوچھا گیا”کیا مومن بزدل ہو سکتا ہے؟”آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا”ہاں”پھر سوال کیا گیا”مسلمان بخیل ہو سکتا ہے”؟جواب دیا”ہاں”پھر عرض کیا گیا”کیا مسلمان جھوٹا ہو سکتا ہے”؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا”نہیں”یعنی ایک مسلمان بزدل اور بخیل ہو سکتا ہے، لیکن جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ایک اور حدیث میں جھوٹ بولنے والوں کے لیے وعید آئی ہے”جب آدمی جھوٹ بولتا ہے تو اسے جو بدبوآتی ہے،اس کی وجہ سے فرشتہ اس سے ایک میل دور ہو جاتا ہے”(الترمذی)
ہنسی مذاق میں بھی جھوٹ بولنا ممنوع ہے۔ایک حدیث کے مطابق "وہ شخص برباد ہو جو ایسی بات بیان کرتا ہے تاکہ اس سے لوگ ہنسیں،لہذا وہ جھوٹ بول دیتا ہے۔ایسے شخص کے لیے بربادی ہو،ایسے شخص کے لیے بربادی ہو”(ترمذی)کاروبار وغیرہ میں بھی جھوٹ بولنے سے منع کیا گیا ہے۔حکم دیا گیا ہے کہ اگر کوئی چیز بیچنی ہو تو اس کے نقائص بیان کر دیے جائیں۔ایک حدیث کے مطابق جو تاجرسچا اور ایماندار ہو،وہ قیامت کے دن انبیاء،صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔یعنی جو تاجریابزنس مین ایمانداری سےتجارت کرے گا وہ آخرت میں اعلی مقام حاصل کرے گا۔اس دنیا میں بھی ایماندار تاجر بہت ہی کامیاب رہتا ہے۔بات چیت،لین دین اور دوسرے افراد کے ساتھ جھوٹ نہ بولا جائے۔جھوٹ بولنے والا شخص غیر معتبر ہو جاتا ہےاور بعد میں کوئی اس کی سچی بات پر بھی یقین نہیں کرتا۔جھوٹ کو تمام برائیوں کو جڑ کہاگیاہے۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر جھوٹ بولنا بھی سخت ترین گناہ ہے۔حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا”میری طرف جھوٹی بات منسوب نہ کرو،جس نے مجھ پر جھوٹ باندھا وہ جہنم میں داخل ہوگا(بخاری۔ترمذی)
سچ صرف اسلام پسند نہیں کرتا بلکہ ہر مذہب پسند کرتا ہے۔سچ کی اہمیت آج بھی ہے اور ہزاروں سال قبل بھی تھی۔مشہور یونانی فلسفی سقراط سچ بولنےکی وجہ سےموت کے گھاٹ اتارا گیا۔سقراط کا جرم یہ تھا کہ وہ سچ بولتا تھا،اس پر الزام تھاکہ ہمارے خداؤں کو جھوٹا کہتا ہے اور نوجوانوں کو گمراہ کرتا ہے۔بطور سزا اس کو زہر کا پیالہ پینے کا حکم دیا گیاتو اس نے بلا تامل پی لیا۔وہ مر گیالیکن اس کا سچ ابھی تک زندہ ہے۔اس کو سزا دینے والوں کو اب بھی لوگ برا کہتے ہیں۔اس کے علاوہ تاریخ میں کئی ایسے افراد کا ذکرآتاہےجو ہمیشہ سچ بولتے رہےاور مشکلات کا سامنا کرتے رہے۔کئی سائنسدان سچ بول کر قابل سزا ٹھہرے۔گلیلیو کو بھی سزا دی گئی۔ابن رشد اور کئی دوسرےفلاسفروں اور سائنسدانوں کوسچ بولنے پرسزا دی گئی۔مہذب معاشروں میں جھوٹ کو سخت ناپسند کیا جاتا ہے۔جھوٹ چھوڑ کر دوسری برائیاں بھی باآسانی چھوٹ سکتی ہیں۔جھوٹ بول کر کئی دفعہ معاشرے کو سخت ترین نقصان پہنچایا گیا۔بعض افراد سچ کا لیبل لگا کربے تحاشہ جھوٹ بولتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم کامیاب ہو چکے ہیں،لیکن حقیقت میں وہ خود کو دھوکہ دے رہے ہوتے ہیں۔ایک حدیث کے مطابق منافقت کی نشانیوں میں ایک جھوٹ بولنا بھی نشانی کہی گئی ہے۔منافق بہت ہی خطرناک ہوتا ہے۔جھوٹ بولنے سے ہر حال میں اجتناب برتنا چاہیے۔ہر فرد یہ عہد کر لے کہ آئندہ میں جھوٹ سےہر حال میں پرہیز کروں گا۔سچ جب معاشرے میں عام ہوگا،تو معاشرہ پرامن اور بہترین کہلانے کا مستحق ہوگا۔