جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں ہڑتال 

0
0
شاہ ہلال/عادل اشرف
کولگام/سرینگر؍؍ جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں منگل کے روز ہڑتال سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی۔ ضلع کولگام میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان کے ہلاک ہونے جبکہ ضلع اننت ناگ میں امت اسلامی کے بانی و میرواعظ جنوبی کشمیر ڈاکٹر قاضی نثار کی 24 ویں برسی کے سلسلے میں ہڑتال کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں اضلاع میں منگل کو دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر و بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔ تاہم اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔ ضلع کولگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو پیر کی شام سے معطل رکھا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ کولگام میں کہیں بھی کوئی پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم حساس مقامات پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ فوج کی 9 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے اہلکاروں نے پیر کی شام آکھرن نوپورہ میں پتھراؤ کے مرتکب احتجاجی نوجوانوں پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک جبکہ دوسرے ایک کو زخمی کردیا۔ مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق 9 آر آر سے وابستہ فوجی اہلکاروں نے گذشتہ شام آکھرن نوپورہ میں راہگیروں کے موبائیل فونوں کی گیلریاں چیک کرنا شروع کردیا۔ فوجیوں نے مبینہ طور پر کچھ نوجوانوں کی پٹائی بھی کی۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق کچھ نوجوانوں نے مشتعل ہوکر فوجیوں پر پتھراؤ کیا ۔ فوجیوں نے ردعمل میں گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوا۔ مہلوک نوجوانوں کی شناخت آکھرن کے رہنے والے اعجاز احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ کی حیثیت سے کی گئی تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ گولی اعجاز کے سینے میں پیوست ہوئی تھی۔ زخمی نوجوان کو وعلاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ یہ وادی میں ایک ماہ تک جاری رہنے والے ’رمضان سیز فائر‘ کے خاتمے کے بعد کسی شہری کی ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔ 15 جون کو فوج نے ضلع پلوامہ کے نوپورہ پائین میں مبینہ طور پر مقامی لوگوں پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک جبکہ دو دیگر کو زخمی کردیاتھا۔ مہلوک نوجوان کی شناخت 24 سالہ وقاص احمد کی حیثیت سے کی گئی تھی۔ دریں اثنا قصبہ اننت ناگ میں منگل کے روز میرواعظ جنوبی کشمیر ڈاکٹر قاضی نثار کی 24 ویں برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ میرواعظ قاضی نثار کو 1994 میں آج ہی کے دن نامعلوم بندوق برداروں نے ہلاک کیا تھا۔ اس دوران ضلع پلوامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع میں منگل کو حالیہ ہلاکتوں کے خلاف جزوی ہڑتال کی گئی۔
FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا