جمو ں کشمیر اور لداخ میں علیحدہ بھاجپا یونٹوں کی تشکیل متوقع

0
0

 

جنوری میں جامع تبدیلیوں کا انکشاف ، نئے چہروںکی نامزدگی خارج از امکان نہیں

سرینگر؍   :کے این ایس / جموں و کشمیر اور لداخ میں مرکزی حکمران جماعت بی جے پی کے مقامی شاخوں میں سال نو کے پہلے ماہ میں ممکنہ طور بڑی الٹ پھیر ہونے کی توقع ہے جبکہ دونوں مرکزی زیر انتظام والے علاقوں میں پارٹی کے نئے چہروں کو سامنے لایا جائیگا ۔ اس دوران پارٹی لداخ میں نئے پارٹی سربراہ کی تلاش میں بھی ہے اور لداخ آزاد ہل ترقیاتی کونسل کے لیڈران کے ساتھ اتفاق رائے بنایا جارہا ہے ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں بی جے پی کی طرف سے نئے چہروں کو سامنے لانے کیلئے مشق ہورہی ہے جبکہ دونوں مرکزی زیر انتظام والے علاقوں میں آئندہ برس کے جنوری میں بڑی الٹ پھیر ہونے کی توقع جتائی جارہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں مرکزی زیر انتظام والے علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں پارٹی میں جامع تبدیلیاں لائی جائیں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی جموں و کشمیر اور لداخ میں نئے پارٹی سربراہان کو بھی تعینات کرنے پر تبادلہ خیال کر رہی ہے اور دونوں جگہوں پر ضلع ، اسمبلی حلقوں اور زون سطحوں پر بھی نئے چہروں کو متعارف کیا جائیگا ۔ بی جے پی نے حالیہ دنوں میں ہی ممبرشپ مہم کو ختم کیا ہے اور فی الوقت اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کی سر نو ڈھانچہ بندی میں لگی ہوئی ہے ۔ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں انتخابات سے قبل پارٹی میں نئے چہرے سامنے آسکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کی طرف سے ممبرشپ مہم کے کامیاب تجربے کے بعد پارٹی تنظیمی سطح پر انتخابات کا منصوبہ کر رہی ہے جس کے دوران ہر ایک پولنگ بوتھ ضلع اور حلقہ اسمبلی سے ممبران کو منتخب کیا جائیگا اور اس کے بعد دونوں مرکزی زیر انتظام والے علاقوں میں علیحدہ علیحدہ پارٹی صدور ، نائب صدور اور دیگر عہدیداروں کو منتخب کیا جائیگا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ تنظیمی انتخابات سے قبل بی جے پی ہر ایک پولنگ بوتھ ، ضلع اور اسمبلی حلقہ میں پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے ۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا ’’ کشمیر میں ہم ہر جگہ اپنی بنیاد مضبوط بنائیں گے ۔ ‘‘ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ لداخ پر بھی بی جے پی کی مرکزی لیڈرشپ نے سخت توجہ مرکوز کی ہے اور پارٹی کو مستحکم بنانے اور اس کی سر نو ڈھانچہ بندی کیلئے بڑی تگ و دو کی جارہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی لداخ میں علیحدہ صدر اور دیگر عہدیداروں کو سامنے لانا چاہتی ہے اور اس کا مقصد خطے میں پارٹی کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے ۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے اس حوالے سے کے این ایس کو بتایا ’’ نئی دہلی کی لیڈرشپ کے پاس یہ منصوبہ ہے کہ لداخ میں بی جے پی کا نیا پارٹی چیف منتخب کیا جائیگا ۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ لداخ کے لوگوں کی دیرینہ مانگ یعنی اس خطے کو مرکزی زیر انتظام والی اکائی میں تبدیل کرنے ، کو پورا کیا گیا ، جس کے مد نظر یہ فیصلہ لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہند نریندرا مودی کی سربراہی میں لداخ کے لوگوں کا یہ مطالبہ پورا کیا گیا اور اب بی جے پی لیہہ میں پارٹی کو مضبوط کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں پہلے قدم کے طور پر اس مرکزی زیر انتظام والے علاقے میں نئے پارٹی سربراہ کو منتخب کرنا ہوگا ۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی کی مرکزی لیڈرشپ لداخ میں علیحدہ پارٹی یونٹ تشکیل دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے یک رائے بنائی گئی ہے کہ لیہہ میں نیا پارٹی سربراہ بنایا جائیگا جبکہ دیگر عہدیداروں اور نظم کو بھی تشکیل دیا جائیگا ۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی کی لیڈرشپ لداخ آزادانہ پہاڑی ترقیاتی کونسل کے ممبران اور لیڈروں کے ساتھ بھی مشاورت کر رہی ہے تاکہ خطے میں نئے پارٹی چیف کی تعیناتی پر یک رائے بنائی جائیگی ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ ناموں کو زیر غور لایا گیا ہے ، تاہم ابھی تک کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا