جعلی پیر نما ٹھگ لڑکی سمیت بہار سے گرفتار، عوام پولیس سے خوش
لطیف ملک
گول ؍؍ سب ڈویژن گول کی نیابت سنگلدان کے چکنی علاقے سے ایک لڑکی کو فرار کر کے لے جانے والا جعلی پیر نما ٹھگ کو بیرون ریاست بہار سے گرفتار کرکے سنگلدان پولیس چوکی میں پہنچایا گیا۔ اس کی گرفتاری 2 اپریل 2023 کو گول سے بہار پہنچی ایک پولیس کی ٹیم نے عمل میں لائی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ مارچ 20 کو پولیس کوتحریری طورپر شکایت موصول ہوئی۔ کہ چکنی علاقے سے ایک پیر نما ٹھگ ایک نوجوان لڑکی کو لے کرفرار ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد مصروف حجام ولد عبدالرشید حجام ساکنہ پرتمولہ گول جو کہ اپنے آپ کو پیر کہلاتا تھا اور چکنی میں اس لڑکی کے گھر میں پیر بن کر جاتا تھا اور20مارچ کو جب گھروالوں نے دیکھا کہ لڑکی نہیں ہے یہاں پر اور پیر بھی غائب ہے جو ان کے گھر گیا ہوا تھا تو انہیں شک ہوا اور انہوں نے پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا اور پولیس نے اپنے ذرائع اس پیر نما ٹھگ کو ڈھونڈنے میں تیز کر دئے اور ایک ٹیم کو گول سے بہار روانہ کیا جس دوران انہوں نے بہار سے اس پیر نما ٹھگ کو لڑکی سمیت گرفتار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر نما ٹھگ نے اس لڑکی کے گھر والوں سے کافی رقم بھی ہڑپی ہے۔ پولیس کی اس کامیابی پر آج سنگلدان میں لوگوں نے جموں و کشمیر پولیس کی ان کاوشوں کی سراہنا کی اور ٹھگ نما پیر کی گرفتاری پر شکریہ ادا کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے لوگوں کو کسی بھی صورت میں بخشنا نہیں چاہئے سماج میں اس طرح کے لوگوں کو پنپنے سے پہلے ہی ختم کیا جانا چاہئے۔ پولیس نے لڑکی کو باز یاب کر کے ورثاء کے حوالہ کیا اور اس سلسلے میں مصروف حجام نامی ٹھک نما پیر کے خلاف کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی۔