سری نگر،//صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے ہفتے کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف الیکشن منعقد کرانے کے لئے تمام ترتیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے.انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پر امن ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لئے سبھی تیاریاں لگ بھگ مکمل کی جا چکی ہیں۔صوبائی کمشنر نے کہاکہ گزشتہ دنوں ہی چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کشمیر کا دورہ کیا جس دوران انہیں چناو کے حوالے سے تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات کو پر امن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر جموں وکشمیر انتظامیہ پوری طرح تیار ہے۔ایک سوال کے جواب میں بدھوری نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سحری اور افطار کے وقت بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں بجلی کا نظام کافی حد تک بہتر ہوا ہے اور یہ کہ موجودہ انتظامیہ لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کے وعدے پر کاربند ہے۔
صوبائی کمشنر کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر انتظامیہ کوشاں ہے ۔ان کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پیش نظر کشمیر میں سحری اور افطار کے وقت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔