لازوال ڈیسک
جموں؍؍ایک اہم فیصلے میں جموں وکشمیر نے آج سے مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اِس بات کا فیصلہ چیف سیکرٹری ڈاکٹرارون کمار مہتا نے آج سیکرٹریوں کی کمیٹی ( سی او ایس ) کی میٹنگ میں کیا جس میں تمام اِنتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کمشنر سیکرٹری آئی ٹی کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیںکہ تمام سرکاری خدمات آج سے صرف بذریعہ آن لائن موڈ دستیاب ہوں۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ کوئی بھی سروس آف لائن نہیں رہے گی اور درخواست دہندگان کو کسی بھی خدمات کے حصول کے لئے کسی بھی سرکاری دفاتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔چیف سیکرٹری نے تمام سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کی نگرانی کریں کہ خدمات آن لائن بغیر کسی پریشانی کے فراہم کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے انہیںعوام کی مدد فراہم کرنے کے لئے اِنتظامی محکموں ،ایچ او ڈی کی سطح پر اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے دفاتر میں کنٹرول روموں کوبنانے کا مشورہ دیا۔ اُنہوں نے اُن سے مہم چلانے کو کہا تاکہ عوام میں بیداری پیدا ہو۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ تعلیمی اِداروں اور پنچایت سطح پر بیداری پروگرام منعقد کریں۔اُنہوں نے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ اَپنے اَپنے محکموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی تمام خدمات کا نوٹس لیں اور ان احکامات پر عمل درآمد کریں۔چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ تمام محکموں میں زائد اَز 400 خدمات پہلے ہی آن لائن موڈ می پیش کی جاچکی ہیں او ران میں سے بہت سے آر اے ایس کے کوالٹی چیک اور فیڈ بیک حاصل کرنے کے طریقہ کار کے ساتھ مربوط ہیں۔ یہ بھی انکشاف ہو اکہ یہ خدمات عام لوگوں کی آسانی اور مفت رسائی کے لئے اِی۔ اُنّت ، سروس پلس اور ڈیجی لاکر کے دیجیٹل پورٹل پر بھی موجود ہیں۔