جموں،//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں کرایہ داروں کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز جموں میں ٹفن بکس آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے بعد جموں صوبے میں کرایہ داروں کی مکمل تفصیلات جمع کرنے کو کہا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ وقت مقررہ کے اندراندر کرایہ داروں کی معلومات نزدیکی پولیس تھانوں میں جمع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
دریں اثنا جموں شہر میں منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے ناکوں کا جال بچھایا جس دوران مسافروں اور راہگیروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی تھی۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ جموں شہر سمیت صوبے کے باقی اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار سکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔
موصوف نامہ نگار نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو بھی روک کر ان کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد انہیں اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دیتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔