جموں میں سول اور پولیس اَفسران کیلئے دو روزہ تربیتی پروگرام اِختتام پذیر

0
0

پرامن اور منصفانہ اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اچھے طریقوں اور شفافیت کو برقرار رکھاجائے:پانڈورانگ کے پولے
لازوال ڈیسک

جموں؍؍چیف الیکٹورل آفیسر نروچن بھون جموں کے دفتر میں آئندہ لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کی تیاری کے سلسلے میں دو روزہ تربیتی پروگرام کا اِنعقاد کیا گیا جس میں جموں کے ڈی پی ایس پی اوراے ایس پی رینک کے 25سے 30 اَفسران اور اے ڈی سی اور اے سی آر رینک کے 30سے 40 سول اَفسران نے شرکت کی۔تربیتی پروگرام کا مقصد حفاظتی ماڈیولز کے بارے میں ان کی تفہیم کو بڑھانا ہے جو اِنتخابی عمل کو محفوظ بنانے کے لئے اہم ہیں۔اے ڈی سی، اے ڈی ڈی سی، ایس ڈی ایم ، اے سی آر اور دیگر ضلعی افسران رینک کے سول اَفسران کو منظم رائے دہندگان کی تعلیم اور اِنتخابی شرکت (سویپ)، اِنتخابی ضابطہ اخلاق، میڈیا سرٹیفکیشن اور مانیٹرنگ کمیٹی اور سوشل میڈیا پر تربیت بھی دی گئی۔چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے ٹیکنالوجی کی متحرک نوعیت اور بدلتے ہوئے منظر نامے میں اس سے درپیش چیلنجوں پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِنتخابات سے متعلق واقعات کی وسیع میڈیا کوریج اور اِصلاحی اَقدامات کو تیزی سے عملانے میں دشواری پر زور دیا۔ اس تربیت نے پولیس اَفسران کو اِنتخابات کے دوران سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے لئے نئی حکمت عملی اور تکنیک کو اَپنانے کا ایک اہم موقعہ فراہم کیا۔نیشنل لیول ماسٹر ٹرینرز چاند کشور شرما اور ریاض احمد بٹ نے سیکورٹی کی تعیناتی، سی اے پی ایف کا کردار، ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ سے متعلق مسائل، اِنتخابی اخراجات کی نگرانی، خطرات کی نقشہ سازی، ایم سی ایم سی اور سوشل میڈیا سمیت متعدد موضوعات پر تربیت دی۔سیشن میں سپیشل سیکرٹری چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر نروپا رائے اور ڈپٹی ڈائریکٹر اِنفارمیشن اختر حسین قاضی نے بھی شرکت کی۔چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے اَپنے اختتامی خطاب میں اَفسران کو سیکورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جن میں نقد رقم یا شراب کی غیر قانونی ٹرانسپورٹیشن کے لئے مشتبہ گاڑیوں کی جانچ سے لے کر اِنتخابات کے دن پولنگ سٹیشنوں کے اِنتظام تک شامل ہیں۔ اُنہوں نے پُرامن اور منصفانہ اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اچھے طریقوں اور شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا