چیف الیکشن آفیسر نے اَفسران کو جموںوکشمیر اسمبلی اِنتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کی تاکید کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 کے آزادانہ اور منصفانہ اِنعقاد کے لئے جموں و کشمیر الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے آج نرواچن بھون ریل ہیڈ کمپلیکس جموںمیں تقریباً 800 افسروں کے لئے ’الیکشن ایکس پنڈیچر مانیٹرنگ ‘ سے متعلق ایک روزہ آن لائن تربیتی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔چیف الیکٹورل آفیسر ( سی اِی او) جموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کیا جس میں تمام 22 نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ڈِسٹرکٹ نوڈل افسران اور اسمبلی حلقہ نوڈل افسران کے علاوہ فلائنگ سکارڈ، سٹیٹک سرویلنس ٹیموں، ویڈیو دیکھنے والی ٹیموں اور ویڈیو سرویلنس ٹیموں کے اِنچارج افسران نے شرکت کی۔
اِس موقعہ پر سی اِی او نے خطاب کرتے ہوئے ٹرینی اَفسران پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں۔اُنہوںنے افسروں سے کہا کہ وہ مثالی طریقے سے کام کریں تاکہ تمام شراکت داروںاور عام لوگوں کو جموں و کشمیر یوٹی میں اسمبلی اِنتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ اِنعقاد کا یقین دِلایا جاسکے۔تربیتی پروگرام کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے اخراجاتی ڈویژن کے افسران نے الیکشن سیزور مینجمنٹ سسٹم پر ایک آن لائن سیشن دیا۔ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر کے دفتر میں سپیشل سیکرٹری اور اِنڈیا اِنٹرنیشنل انسٹی چیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ (آئی آئی ڈِی اِی ایم) اور الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے قومی سطح کے ماسٹر ٹرینروں نے ٹرینی افسران کو آن لائن سیشن دیئے۔ دریں اثناء ،تربیتی پروگرام کے دوران آئی ٹی ماہرین کی جانب سے الیکشن کے دوران استعمال ہونے والی مختلف آئی ٹی ایپس کے اِستعمال پر خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا۔اِس کے علاوہ مختلف ریسورس پرسنوں نے ٹرینی افسران کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کی تسلی بخش جوابات دئیے اور وضاحت کی۔