جمشید پور اورٹاٹا گروپ کا یوم ِ تاسیس

0
0
پروفیسر اسلم جمشید پوری
میرٹھ
 آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ۳ مارچ کو ضرور کوئی عالمی دن ہوگا۔ایسا تو نہیں مگر ۳ مارچ پوری دنیا کے لئے قابل فخر تاریخ ہے۔۳مارچ ۱۸۳۹ میں جمشیت جی ٹاٹا کی پیدائش ہوئی تھی،وہ جمشیت ٹاٹا جی جنہوں نے ٹاٹا گروپ آف کمپنیز کی بنیاد رکھی۔جنہوں نے جمشیدپور شہر بسایا۔جس نے ہندوستان کو تاج ہوٹل دیااورانڈین ہوٹل کمپنی لمیٹیڈکی بنیاد رکھی۔ٹاٹا خاندان نے پوری دنیا میں ہندوستان کا وقار بڑھایا۔ہندوستان میں بزنس کو فروغ دیا۔ٹاٹا گروپ نے انگریزوں کے طعنوں کا جواب دینے اور غیر ممالک میں پڑھنے والے طالب علموں کے لئے مختلف طرح کے بزنس کی شروعات کی۔
ٹاٹا فیملی نے ہندوستان کو اپنا بنایا اور یہیں ہو کر رہ گئے ۔جمشیدجی ٹاٹا ایران سے آئے تھے اور مذہبی اعتبار سے آتش پرست تھے۔مگر پورے خاندان کے کسی ایک فرد نے بھی مذہبی منافرت پھیلانے کی کو شش نہیں بلکہ ہر مذہب کا احترام کیا اور سیکولرزم کو بڑھا وا دیا ۔ہر مذہب کی شاندار عبادت گاہوں کی تعمیر کی اور ہم آہنگی کی وہ فضا قائم کی ،جو نہ صرف لائق تعریف ہے بلکہ قابل ِ تقلید بھی ہے۔
ٹاٹا فیملی نے نیا شہر جمشیدپور آباد کیا ۔جمشید پور مشترک بہار میں بھی سب خوبصورت شہر تھا ۔اورآج بھی جھارکھنڈ کا خوبصورت ترین شہر ہے۔جمشید پور ٹاٹا کمپنی کے چاروں طرف بسا ہوا ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس شہر کی آبادی ۲۰ لاکھ کے آس پاس ہے۔اس کا ضلع مشرقی سنگھ بھوم ہے۔ یہ علاقہ قدرتی عطیات سے مالا مال ہے۔دو ندیاں کھڑ کائی اور سورن ریکھا ،شہر کے بیچوں بیچ سے گذرتی ہیں۔چھوٹے چھوٹے پہاڑ، پٹھاری علاقہ ، ،قدرت کانمونہ ڈمناجھیل ، خوبصورت جبلی پارک ،گلابوں کا باغیچہ ،چلڈرن پارک ،طرح طرح کے جانوروں سے ُپر چڑیا گھر،اونچے نیچے لہراتے راستے ، چوڑی چوڑی سڑکیں،سڑکوں کے دونوں جانب سایہ دار بے شمار درخت،اسپورٹس کامپلیکس ، شاندار کینن اسٹیڈیم (جہاںکئی بار کرکٹ کے قومی اور بین الاقوا می میچ ہو چکے ہیں)،مودی پارک ،منظم بازار،صحت کے لئے ٹاٹا مین اسپتال ،میڈیکل کالج ( ایم جی ایم میڈیکل کالج) انجینئرنگ کالج( آر آئی ٹی) مینجمنٹ کالج( ایکس ایل ٓار آئی)ٹاٹا کے اسکول ،فلیٹس کی متعدد کالونیاں،مندر ،مسجد ،گرجا گھر ،گر دوارے ،ریلوے اسٹیشن،ائیر پورٹ( ٹاٹا کا ذاتی)چوبیس گھنٹے رہنے والی بجلی اور پانی( ٹاٹا کمپنی کے علاقوں میں)جیسی سہولتوں سے آراستہ جمشید پور ٹاٹا کے اچھے انتظام و انصرام کا بین ثبوت ہے۔
انڈین ائیر لائن شروع کرنے والے ٹاٹا فیملی کے ہی لوگ تھے۔بلکہ آپ کو خوشی اور حیرت ہو گی کہ جے آرڈی ٹاٹا کو ہندوستان کا پہلا کمرشیل پائلٹ ہونے کا فخر حاصل ہے۔۱۹۲۹ میں جے آر ڈی ٹا ٹا کو ہندوستان کا پہلا پائلٹ لائسنس ایشوہوا تھا۔جے آرڈی ٹا ٹا کو ہندوستان سول ایویئشن ) Civil Aviation of India)کا فادر کہا جا تا ہے۔بعد میں ٹاٹا گروپ نے انڈین ائیر لائین کی شروعات کی۔ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل فلائٹوں کا آغاز کیا۔
تاج ہوٹلس کی شروعات کی۔آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ ٹاٹا گروپ نے ہندوستان کاسر بلند کر نے کے لئے یہاں ہوٹل کلچر پیدا کیا۔فائیو اسٹار ہوٹلس کی ایک سیریز شروع کی۔پہلے ہندوستان میں اچھے ہوٹلوں کی بہت کمی تھی ۔ٹاٹا گروپ نے ملک کی اس ضرورت کو محسوس کیا ،اسی لئے انہوں نے شاندار عمارتوں اور اعلیٰ سہولتوں کے ساتھ ہوٹل انڈسٹری شروع کی ۔بعد میں اس انڈسٹری میں دن بہ دن اضاٖفہ ہوتا چلا گیا۔ممبئی کا تاج ہوٹل ،ہندوستان کا پہلا فائیو اسٹار ہو ٹل ہے۔
ٹاٹا گروپ نے ہندوستان میں پہلی بار اپنی کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کے لئے بہت سی سہولتوں کا آغاز کیا۔اسے ہم دوسرے لفظوں میں یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ ٹاٹا گروپ نے انڈیا میں Labour Welfare Benefits کی داغ بیل ڈالی ۔روزانہ آٹھ گھنٹے کام ،فری میڈیکل سہولیات،تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں،ملازمین پی ایف اسکیم ،حادثہ کمپن سیشن اسکیم ،میٹرنیٹی فوائد،بونس اور ریٹائر منٹ گریچو یٹی جیسی سہولیات کی ابتدا ٹاٹا گروپ نے اپنے ملازمین کے لئے کی ۔یہ ہندوستان میں ملازمین کی بہبود کی شروعات تھی ۔جمشید پور میں بنیادی تعلیم سے اعلیٰ تعلیم تک کا خرچ،میڈیکل سہولیات کے لئے ٹاٹا گروپ نے ہندوستان کا ایک معیاری اور تمام سہولتوں سے لیس ’’ٹاٹا مین اسپتال (ٹی ایم ایچ)‘‘ کے علاوہ ،کینسر اسپتا ل ،آئی ہا سپٹل ،کئی ڈسپنسری ،رہنے کے لئے عہدے کے اعتبار سے فلیٹس ،ہائوسیز اور بنگلے موجود ہیں۔
ہندوستان کی دفاعی سروس کے لئے ٹاٹا گروپ نے بہت کچھ کیا۔پہلی جنگ ِ عظیم کے وقت ٹاٹا نے اپنے یہاں بنے اسٹیل سے ہتھیار بنانے میں مدد کی ۔بعد میں بھی بلکہ آج تک بھی بعض اشیاء میں ٹاٹا کا اسٹیل استعمال ہوتا ہے۔ٹاٹا نے ہندوستان کی زمینی افواج ،بحری افواج ،فضائی افواج ،ٹینک ،میزائل اور دوسرے ہتھیاروں کے لئے اے قسم کا اسٹیل فراہم کیا۔آج کے ہندوستان کی بے مثال کا میابی کے پیچھے ٹاٹا گروپ کا بڑا ہاتھ ہے۔مگر اس گروپ نے کبھی احسان نہیں جتایا نہ ہی خود کو نمبر ون پیسہ والا بننے کی ریس کا حصہ بنایا۔اس گروپ کا اصل مقصد پیسہ کمانا کبھی نہیں رہا بلکہ انسانیت کی خدمت اور ہندوستان کا سر اونچا کر نا اس کا مقصد رہاہے۔
کہا جاتا ہے کہ ہر چھوٹی شئے سے لے کر بڑی اشیاء تک ٹاٹا بناتا ہے ۔آپ ضرورت کی چیزوں پہ نظر ڈالئے،چائے،کافی ،نمک ، زیور،گھڑی ،ریڈیو،منرل واٹر،دنیا کی سب سے سستی کار،مختلف کاریں ،چھوٹا ہاتھی ،بڑے بڑے ٹرک ،بس،اسٹیل ،جے سی بی مشین،بجلی ،کیمیکلس،دالیں،زارا برانڈ،ویسٹ سائڈ برانڈ،جیسی سینکڑوں چیزیں ٹاٹا کمپنی کی پیداوار ہیں یا ٹاٹا کے ذریعہ ان کی مارکیٹنگ ہوتی ہے۔ٹاٹا گروپ کی کمپنیز کے نام ٹاٹا اسٹیل ،ٹاٹا موٹرس،ٹاٹا ایلکسی،ٹاٹا انڈسٹریز،ٹاٹا ایم جی ۱،ٹاٹا ٹیکنالوجیز،ٹاٹا ٹیلی سروسز،ٹاٹا کمنیوکیشن، ٹن پلیٹ ،انفینیٹی ریٹیل ،ٹاٹا میٹالیکس لمیٹیڈ،تنشک ،نیلکو ،ٹاٹا دیوو ،ریلیس ،ٹاٹا ایشیا ائیر لائنز،انڈین وٹلس،ٹاٹا اے آئی جی،ٹاٹا ہائوسنگ،ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز،ٹاٹا انٹرایکٹو سسٹم ،ٹاٹا پاورس،ٹرینٹ،وولٹاس،ٹائیٹن،ٹاٹا کیمیکلس،ٹاٹا کنسٹرکشن ،ٹاٹا انشورنس، لینڈ رور،جاگوار، کے علاوہ دنیا کی کئی بڑی اور نامی کمپنیوں کو ٹاٹا گروپ کی مختلف کمپنیوں نے خرید کرخود میں ملا لیا ہے۔ٹا ٹا گروپ کی پیداوار اور سروسز ڈیڑھ سو  ممالک اورتقریباً سو ملکوں میں اس کے آپریشن موجود ہیں۔ٹاٹا گروپ کی سبھی کمپنیوں کی مارکیٹ کپیٹلائزیشن لگ بھگ ۷ئ۳۰ ٹریلین (۳۷۰ بلین امریکی ڈالرس)ہے۔ہندوستان کی یہ واحد کمپنی ہے جس کے پوری دنیا میں اشیاء پیدا کرنے میں ۱۰۰ میں سے ۷واں مقام ہے۔
اس گروپ کے معزز ممبران میں جمشیت جی ٹاٹا،دوراب جی ٹاٹا،رتن جی ٹاٹا،نول ٹاٹا،آر ڈی ٹاٹا،جے آر ڈی ٹاٹا،رتن ٹاٹا،سائمن ٹاٹا،نوئل ٹاٹا،وغیرہ اس ملک کے وفادار ،سیکولر اور سچے محب وطن رہے ہیں۔ ان لوگوں نے تجارت کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی خدمات بھی انجام دیں۔آپ یہ جان کر خوشی ہوگی کہ اس گروپ نے عوام کی خدمت کے لئے کئی ٹرسٹ بنا رکھے ہیں۔جن کے ذریعہ یہ گروپ ہر سال سینکڑوں کروڑ روپے غریبوںکودان دیتا ہے۔سر داراب جی ٹاٹاٹرسٹ ،جمشیت جی ٹاٹا ٹرسٹ،جے این ٹاٹا انڈومنٹ ٹرسٹ،جے آرڈی اینڈ تھیلما جی ٹرسٹ،جے آرڈی ٹاٹا ٹرسٹ،لیڈی مہر بائی میموریل ٹرسٹ اور بہت سی انجمنوں کے ذریعہ ٹاٹا گروپ عوام کی خدمات کرتا ہے۔
ٹاٹا گروپ کی مختلف کمپنیوں کے لاکھوں ملازمین اور جمشید پور والوں کے لئے ہر سال۳ مارچ ایک تہوار کی طرح ہوتا ہے۔اس دن پورے جمشید پور کو دلہن کی طرح سجایا جا تا ہے۔مہینوں سے اس کی تیاری ہوتی ہے۔جبلی پارک کی خوبصورتی دیکھتے ہی بنتی ہے۔پورے پارک میں طرح طرح کی تصاویر لائٹوں اور روشنی سے بنائی جاتی ہیں۔پارک دیکھنے لاکھوں لوگ آتے ہیں۔ جمشیدپور کے لئے آج کا دن ،یوم ِ بانیFounders Day کی طرح ہو تا ہے۔سبھی اسکولوں میں مٹھائیاں تقسیم ہوتی ہیں۔مختلف کلچرل پروگرام منعقد ہو تے ہیں ۔قومی سطح کا مشاعرہ اور الگ سے قومی کوی سمیلن ہوتا ہے۔ سال بھرکلچرل پروگرام ،اربن سروسز ،ٹاٹا اسٹیل کے بینر کے تحت ہوتے رہتے ہیں۔ہر پروگرام جو ٹاٹا گروپ کی طرف سے ہوتا ہے،وہ معیاری اور اعلیٰ قسم کا ہوتا ہے۔جمشید پوربے مثال شہر ہے ،جس طرح ہندوستان میں مختلف زبانیں بولنے والے،مختلف مذاہب کے لوگ ،کئی رنگوں اور ذاتوں کے لوگ ایک ہو کر رہتے ہیں ،اسی طرح جمشید پور میںپورے ہندوستان کے لوگ رہتے ہیں۔اسے آپ چھوٹا ہندوستان بھی کہہ سکتے ہیں اور یہ سب ٹاٹا گروپ کا مرہونِ منت ہے۔
٭٭٭
FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا