ایل جی سنہا،آزادمیت متعددکااِظہارِ رنج والم،ڈپٹی کمشنر راجوری نے زخمی مسافروں سے ملاقات کی
شیراز چوہدری
راجوری ؍؍ منگل اور بدھ کی درمیانی شب راجوری کے تھانہ منڈی علاقے میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں چار مسافروں کی موت ہو گئی اور آٹھ دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر وکاس کنڈل نے اسپتال کادورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی اور انتظامیہ سے انکے بہترعلاج ومعالجے کی تلقین کی۔ایل جی منوج سنہا،ڈی پی اے پی چیئرمین غلام نبی آزادسمیت کئی سیاسی لیڈران نے حادثے پررنج والم کااِظہارکیاہے۔اِدھر حادثہ پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل راجوری چوہدری نسیم لیاقت نے دکھ کا اظہار کیا ۔اس کے ساتھ ساتھ ڈی ڈی سی ممبر ڈونگی خالد چوہدری نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی دکھائی۔تفصیلات کے مطابق مسافروں کو لے کر جانے والی ایک ایکو گاڑی اعلی الکصبح تھنہ منڈی بھنگائی سڑک ر گہری کھائی میں گر گئی ۔گاڑی میں بارہ کے قریب مسافر سوار تھے جب یہ حادثہ پیش آیا ان میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک اور نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال تھنہ منڈی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ذرائع کے مطابق آٹھ زخمی مسافروں کا جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری میں علاج کیا جا رہا ہے ۔اس واقعہ میں مرنے والوں کی شناخت شمیم اختر (55) زوجہ منیر حسین، روبینہ کوثر (35) زوجہ پرویز احمد، زرینہ بیگم (38) زوجہ محمد اعظم اور محمد یونس (38) ولد محمد صادق کے نام سے ہوئی ہے اور یہ سب بھنگائی گاؤں کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں۔ آٹھ شدید زخمی مریضوں کی شناخت شاہین بیگم (40) زوجہ محمد صادق، زیتون بیگم (35) زوجہ فاروق، شاہین بیگم (45) زوجہ حاکم دین، بیگم جان (50) زوجہ فضل حسین، فاطمہ بیگم (50) زوجہ محمدمکھنا، سوریہ بیگم (35) زوجہ محمد قاسم اور کلثوم بیگم (40) بیوی برکت حسین اور محمد قاسم (60) ولد غلام حسین تمام بھنگائی کے رہائشی ہیں ۔جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود حسین بجاڑ نے بتایا کہ آٹھ شدید زخمی مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔اس واقعہ کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل بھی زخمیوں کو دیکھنے کے لیے جی ایم سی پہنچے ۔اس کے ساتھ ساتھ الگ الگ سیاسی اور سماجی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی جی ایم سی جا کر زخمی مریضوں کا حال جانا ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر، راجوری، وکاس کنڈل نے آج ضلع اسپتال کھیوڑہ کا دورہ کیا تاکہ تھانہ منڈی سڑک حادثہ میں زخمی مسافروں کی حالت معلوم کی جاسکے۔حادثے کے نتیجے میں چار مسافر جاں بحق اور آٹھ شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب ایک ایکو گاڑی بارہ مسافروں کو لے کر تھانہ منڈی بھنگائی روڈ پر گہری کھائی میں گر گئی۔تین مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک اور نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال تھنہ منڈی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ہسپتال کے دورے کے دوران وکاس کنڈل نے زخمی مسافروں سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ہسپتال حکام کو زخمی مسافروں کو تمام ضروری طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر بھی زور دیا کہ وہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کریں اور مستقبل میں اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ایل جی منوج سنہانے حادثے پررنج والم کااِظہارکرتے ہوئے لواحقین کیساتھ گہری ہمدردی جتائی جبکہ زخمیوں کے بہترعلاج ومعالجہ کیلئے متعلقہ حکام کو تلقین کی۔ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے تھنہ منڈی راجوری میںپیش آئے المناک سڑک حادثے میں قیمتی جانیں تلف ہونے پر صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں آزاد نے کہا،’’راجوری ضلع کے بھانگی تھنہ منڈی میں پیش آئے سڑک حادثے میں 4افراد کی موت پر کافی رنجیدہ ہوں ،میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘المناک حادثے کے بارے میں خبر ملنے کے فوراً بعد، آزاد نے علاقے میں پارٹی کارکنوں سے زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کوعبوری ریلیف فراہم کی جائے۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔