’بی جے پی 400 سیٹیں جیت کر ریزرویشن، آئین اور انتخابی نظام کو ختم کرنا چاہتی ہے‘

0
0

کہامودی مہنگائی، غربت، بے روزگاری، بھوک وغیرہ جیسے مسائل پر کبھی بات نہیں کرتے: کیجریوال
یواین آئی

امرتسر؍؍عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 400 سیٹیں جیت کر ریزرویشن، آئین اور انتخابی نظام کو ختم کرنا چاہتی ہے۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ انہیں 400 سیٹیں چاہئیں۔ انہوں نے کہا، ’’مودی جی کچھ بڑا کرنا چاہتے ہیں۔ جب ہمیں اس کی وجہ معلوم ہوئی تو پتہ چلا کہ وہ پسماندہ اور درج فہرست ذاتوں کے لیے ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن میں ان سے لڑ رہا ہوں، جدوجہد کر رہا ہوں۔ ہم انہیں کسی بھی حالت میں ریزرویشن ختم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مودی مہنگائی، غربت، بے روزگاری، بھوک وغیرہ جیسے مسائل پر کبھی بات نہیں کرتے۔ وہ کام کی بات کرنے کے بجائے منگل سوتر اور بھینس کے نام پر لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے پنجاب حکومت پر دئے گئے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کو گرانے کی کھلی دھمکی دی ہے۔ ان کا واضح مطلب یہ تھا کہ 4 جون کے بعد ہم عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کو خرید کر یا توڑ کر پنجاب حکومت گرادیں گے۔ انہوں نے مسٹر شاہ سے کہا کہ پنجابیوں کا دل بہت بڑا ہے، آپ ان سے پیار سے کچھ مانگیں تو ضرور دیں گے، لیکن پنجابیوں کو دھمکیاں مت دو۔ وہ آپ کو پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
مسٹر کیجریوال آج یہاں ’بزنس مینس میٹ‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ مسٹر کیجریوال کے ساتھ، اے اے پی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سندیپ پاٹھک، اے اے پی پنجاب کے انچارج جرنیل سنگھ، پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ،اے اے پی کے امرتسر کے امیدوار کلدیپ سنگھ دھالیوال اور ایم ایل اے اندربیر سنگھ ننجر اور جیون جیوت کور تقریب میں موجود تھے۔
مسٹر کیجریوال نے پنجاب کے آڑھتیوں سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آپ کو بچولیا کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کسان اور مزدور ملک کی ترقی کے لیے اہم ہیں اسی طرح تاجر، بزنس مین اور صنعت کار بھی اہم ہیں۔ صنعت کے بغیر کسی بھی ملک کی معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی۔ صنعتکار ملکی معیشت میں سب سے زیادہ حصہ ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مرکزی حکومت نے پنجاب کے تقریباً 8500 کروڑ روپے روک رکھے ہیں، جس میں سے 5500 کروڑ روپے دیہی ترقیاتی فنڈز کے لیے ہیں۔ اس رقم سے پنجاب کے گاووں میں سڑکیں اور دیگر دیہی ترقیاتی کام ہونے تھے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے نیشنل ہیلتھ مشن کا پیسہ روک لیا ہے جس سے پنجاب میں محلہ کلینک اور سرکاری اسپتالوں کی بہتری کا کام ہونا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ہراساں کیے جانے کے باوجود ہم نے صرف دو برسوں میں اپنے تقریباً تمام انتخابی وعدے پورے کر دیئے۔ ہماری حکومت نے پنجاب میں بدعنوانی ختم کر دی ہے جس کی وجہ سے حکومت کا بہت پیسہ بچ رہا ہے۔ اس رقم سے ہم پنجاب کے عوام کو مفت بجلی فراہم کر رہے ہیں۔اے اے پی کے کنوینر نے کہا کہ بی جے پی اپوزیشن کی حکومت والی ریاستی حکومتوں کو ہراساں کرتی ہے۔ اب وہ کھل کر آمریت اور غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے، جس ریاست میں وہ ہار جاتے ہیں، وہاں گورنر کے ذریعے ریاستی حکومت کو ہراساں کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب بھی ہماری حکومت کے کئی اہم بلوں کو روک رکھا ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا